• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی اور مصرکے درمیان8 سال بعد سفارتی رابطے بحال

انقرہ ( نیوز ڈیسک) ترکی اور مصر کے درمیان 2013ء کے بعد پہلی بار سفارتی رابطہ ہوا ہے۔ تُرک ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ سفارتی سطح پر رابطے شروع ہوگئے ہیں۔ چاوش اولو نےگزشتہ روز انقرہ میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں ترکی اور مصر کے درمیان سفارتی رابطوں کے آغاز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مصر کی طرف سے کسی قسم کی کوئی پیشگی شرائط پیش نہیں کی گئیں ہیں اور نہ ہی ہم نے کوئی پیشگی شرط رکھی ہے۔ مولود چاوش اولو نے مزید بتایا کہ مستقبل قریب میں سفارتی اور انٹیلی جنس کی سطح پر مذاکرات منعقد ہوں گے۔ چاوش اولو نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور قطر کے ہم منصب شیخ محمد بن عبد الرحمٰن الثانی کے ساتھ مذاکرات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ شام کی انسانی صورت حال کے پیش نظر قطر مزید ٹھوس اقدامات کرنا چاہتا ہے اور ہم نے اس سلسلے میں وزارتی سطح پر اس کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ انٹیلی جنس، سفارت کاری اور معیشت کے حوالے سے تعاون کا عمل جاری ہے۔ صدر اردوان نے استنبول میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصر اور ترکی کے عوام کو ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ مصر کے ساتھ ہمارے تعاون کا عمل جاری ہے۔ ہم مصر کے ساتھ اس عمل کو مزید مضبوط طریقے سے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین