• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،شباب اہلسنت کے زیر اہتمام عورت مارچ کیخلاف ریلی

پشاور( وقائع نگار) شباب اہلسنت پاکستان کے زیر اہتمام عورت مارچ کے خلاف جمیل چوک سے گنج چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت شباب اہلسنت کے صوبائی امیر مولانا معراج الدین سرکانی‘ ناظم اعلیٰ مولانا انعام اللہ چشتی‘ مفتی اسماعیل‘ مولانا عقل وزیر چشتی‘ ضلعی صدر مفتی ساجد حسین‘ حاجی لعل زمان قادری‘ مولانا نبی امین‘ قاری عزیز اللہ سکندر‘ مولانا مفتی ثناء اللہ نظامی‘ مولانا کاشف الرحمان و دیگر کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عورت مارچ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکوممت کی نرمی کی وجہ سے آئے روز گستاخ رسولؐ سر اٹھا رہے ہیں جتنے بھی عورت مارچ کے منتظمین ہیں انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے کیونکہ ہم پر امن ہیں مگر کمزور نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت پاکستان میں عورت مارچ کے نام پر فحاشی اور شعائر اسلام کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی عدالت اس سلسلے میں سوموٹو ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ عورت مارچ اسلام آباد میں اللہ تعالیٰ‘ نبی کریمؐ اور اولیائے کرام کی شان میں گستاخانہ نعروں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ منتظمین کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ ایسے واقعات کا رونما ہونا اور اب گستاخ ملک فرانس کا جھنڈا لہرانا بیرونی ایجنڈے کی تکمیل ہے۔
تازہ ترین