رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی سی بی) نیّر حسین بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کا چیف الیکشن کمشنر اور ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ مضحکہ خیز چیز ہے۔
وفاقی وزیر شفقت محمود کے الیکشن کمیشن سے استعفے کے مطالبے پر پی پی رہنما نیّر بخاری کا ردِ عمل سامنے آیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا حکومتی بیان بدنیتی اور انتقام پر مبنی ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت کا مطالبہ الیکشن کمیشن پر اثرانداز اور دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے۔
نیّر بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کو کسی فیصلے پر تحفظات ہیں تو آئینی اور قانونی راستے موجود ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت اداروں کو ایک، ایک کرکے کمزور اور متنازعہ بنارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئینی، قانونی فیصلوں میں الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا تھا۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جو پوری نہیں کی گئی۔