• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن: پاسپورٹ آفس پر چھاپہ، تین اہلکار اور دو افغان باشندے گرفتار ، ازبک شہری کا پاسپورٹ بنا رہے تھے

چمن(نامہ نگار)چمن میں ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس میں چھاپہ مار کر 2افغان باشندوں سمیت پاسپورٹ دفتر میں کام کرنے والے 3 افراد کو گرفتارکرلیا ہے ملزمان پر الزام ہے کہ دو افغان ازبک شہری کا پاسپورٹ بنارہےتھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹرایف آئی اے زبیراحمد نے جنگ کو بتایا کہ انہیں خفیہ سورس سے اطلاع ملی ہے کہ چمن پاسپورٹ دفتر کا سسٹنٹ ڈائریکٹر شاہ محمد گھر میں بیٹھ کر دفتری امور چلاتا ہے جبکہ دفتر کو اپنے رشتہ داروں کے ذریعے چلا رہا ہے جہاں وہ غیر قانونی دستاویزات پر غیر ملکیوں کے پاسپورٹ بنا رہا ہے اس سلسلے میں ایف آئی اے ٹیم نے چمن پاسپورٹ دفتر پر اچانک چھاپہ مارا پاسپورٹ آفس پرچھاپے کےدوران درجنوں پاسپورٹ اور دستاویزات قبضے میں لیکر چمن پاسپورٹ آفس کو سیل کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ موقع پر دو افغان ازبک شہریوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے جن کے پاسپورٹ غیرقانونی طریقے سے بنائے جا رہے تھے جبکہ پاسپورٹ دفتر میں غیرقانونی طریقے سے کام کرنے والے تین پرائیویٹ افراد کو گرفتار کر کے ملزمان کو کوئٹہ منتقل کردیاگیاہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کاکہناہےکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس محمدشاہ پاسپورٹ آفس کے مختلف سیکشن کو پرائیویٹ افراد کےذریعے چلارہےتھے۔چھاپے کےوقت وہ آفس میں موجود نہیں تھےگرفتار ہونےوالوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا ایک بھتیجا اور ایک بھانجا بھی شامل ہے۔معاملےکی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ پاسپورٹ دفتر سے برآمد ہونے والے دستاویزات کو سیل کرکے قبضے میں لینے کے بعد کوئٹہ منتقل کیا گیا ۔

تازہ ترین