اسلام آباد (نمائندہ جنگ) الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر این اے 75 ڈسکہ کے پورے حلقہ کا نقشہ اور تفصیلات سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو صبح 4 بجے 22 منٹ میں 7 فون کئے گئے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ چیف سیکرٹری کو تمام کالز 20 فروری کی صبح کی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے دیگر افسران کو کی گئی کالز کا ریکارڈ بھی جمع کرا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حلقے کے 38 پولنگ سٹیشنز پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حلقہ کے 54 پولنگ سٹیشنزپر ٹرن آؤٹ 35 فیصد سے کم تھا۔