پشاور( کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر پشاورعبا س مجید مروت نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ نوٹسز کا دورانیہ ختم ہونے ایسے پلازہ مالکان کے خلاف کاروائیاں کرے جنہوں نے پارکنگ ایریا نہ بنایا ہو ۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے گزشتہ ہفتے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے کی جانیوالی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا اس دوران انہیں پلازوں میں پارکنگ نہ بنانے والوں کو نوٹسز و کارروائیوں، تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں‘ کالے شیشوں کے استعمال‘ اوور لوڈنگ‘ نو پارکنگ زونز کی خلاف ورزیوں‘ ہیلمٹ‘ سیٹ بیلٹ‘ ون ویلنگ‘ پولیس لائٹʼ پریشر ہارنʼ غیر رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں اور دیگر مہمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ پلازہ مالکان کو جاری کئے جانیوالے نوٹسز کا دورانیہ ختم ہونے کی صورت میں فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہر میں جاری دیگر مہمات میں مزید تیزی لائی جائے۔ اجلاس میں چیف ٹریفک آفسیر کو بتایا گیا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں سے قصہ خوانی‘ جلیل کبابی روڈ اور دیگر بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا ہے جبکہ چیک اینڈ بیلنس کے لئے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے ۔