ملتان (سٹاف رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت اشیا بنانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری، واٹر پلانٹس سمیت 4 فوڈ یونٹس سیل ، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد فوڈ یونٹس کو 2لاکھ 73ہزار روپے کے جرمانے عائد،800لیٹر ملاوٹی دودھ، 400 لیٹر غیر معیاری مشروبات، 160کلو ایکسپائرڈ خوراک تلف کر دی گئی۔دوران چیکنگ 356شاپس مالکان کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ۔ ملتان میں قاسم ٹریڈرز گرائنڈنگ یونٹ کو مرچوں میں رنگ کی ملاوٹ ثابت ہونے پر سیل کردیا گیا۔ پیکنگ ایریا میں واش روم کی موجودگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔ دوران کارروائی 150کلو سرخ مرچیں برآمد کر لی گئیں۔ ڈی جی خان میں اعتماد جنرل سٹور کو گٹکا فروخت کرنے پر سربمہر کردیا گیا۔ دوران کارروائی 138ساشے گٹکا برآمد کرلیا گیا۔ ڈی جی خان میں عامر راشد کریانہ سٹور کو ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز فروخت کرنے پر 15ہزار، مظفرگڑھ میں شیخ الاسلام کریانہ سٹور کو کھلے مصالحے فروخت کرنے پر 10ہزار اور راجن پور میں اوکے برگر کو فریزر میں گندا پانی ہونے کی وجہ سے 12ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔اسی طرح ساہیوال میں سلیم مینگو جوس پروڈکشن یونٹ کو جوس کی تیاری میں مصنوعی مٹھاس کا استعمال کرنے، لیبلنگ پر دوسرے معروف برانڈز کا نام استعمال کرنے، ورکرز کے میڈیکلز اور فوڈ لائسنس کی عدم موجودگی پر سربمہر کیا گیا۔