سکھر(اے پی پی)سندھ ہائی کورٹ سکھرکا دو رکنی بنچ صوبائی مشیراعجاز حسین جکھرانی کی ضمانت پر تقسیم ہوگیا،ایک جج نے ضمانت منظور جبکہ دوسرے جج نے مستردکردی، معاملہ سینیئرجج کو بھجوا دیا گیا۔بدھ کوعدالت عالیہ سکھرکے دو رکنی بنچ نے صوبائی مشیربرائے جیل خانہ جات کی پکی ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔ سماعت کے بعد محفوظ کیا ہوا فیصلہ سنایا گیا جس کے تحت معززعدالت کے ایک جج جسٹس نذراکبر نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی جبکہ دوسرے معززجج جسٹس فیصل کمال نے ضمانت مسترد کرنے کی رائے دی ۔ایسی صورتحال کے بعد معاملہ ہائی کورٹ سکھرکے سینیئرجج کو بھجوا دیا گیا ہے۔ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان کی ضمانت منظور کی گئی ہے۔ اعجاز حسین جکھرانی کے خلاف ہیوی مشینری مرمت میں 36 کروڑکی کرپشن کا ریفرنس دائر ہے جبکہ ان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس بھی دائر ہے۔نیب پراسیکیوٹر محمدزبیربھی عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضمانت کا حتمی فیصلا اب سندھ ہائی کورٹ سکھرکے سینئرجج کریں گے۔