کوئٹہ (آن لائن )بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اپریل کے پہلے ہفتے میں کوئٹہ تا اسلام آباد ہونے والے لانگ مارچ اور پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے میں بھرپور شرکت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بی یوجے کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر سلمان اشرف کی زیر صدارت ہوا ، جس میں سینئر نائب صدر بی یو جے شاہ حسین ترین، جنرل سیکرٹری فتح شاکر، نائب صدر فریداللہ ،سینئر جوائنٹ سیکرٹری حفیظ اللہ شیرانی ،جوائنٹ سیکرٹری فتح بگٹی ، ارکان مجلس عاملہ فضل تواب ،ظفر اللہ بلوچ اورسعدیہ جہانگیر نے شرکت کی ۔اجلاس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزادہ ذوالفقار، سینئر نائب صدر پی ایف یو جے سلیم شاہد ، فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان محمد عیسی ترین اور بنارس خان نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔اجلاس میں اپریل میں مجوزہ لانگ مارچ کی تیاریوں اور طریقہ کار سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا اورلانگ مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس وقت ملک میں صحافیوں کو اپنی بقاء کا مسئلہ درپیش ہے‘ صحافت پر غیر اعلانیہ سنسرشپ عائد کر دی گئی ، بڑی تعداد میں صحافیوں اور میڈیا ورکرزکوجبری طور پربرطرف کیا گیا‘الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافیوں کی تنخواہیں کئی ماہ سے بند ہیں، ان حالات میں لانگ مارچ ناگزیر ہے جس کیلئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس پوری طرح تیار ہے اور اس میں بھرپور شرکت کریگی‘ اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے بی یو جے کی جانب سے اپنے مطالبات دہرائے گئے اور تجاویز پیش کی گئیں۔جس کے مطابق حکومت میڈیا کی آزادی پر عائد سنسرشپ فوری طور پر اٹھائے۔آزادی صحافت کا تحفظ اور صحافیو ں کومختلف بہانوں سے ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔بلوچستان میں صحافیوں کی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی میں شہید صحافیوں کے ملزمان کو منظر عام پر لانے اور ان کو سزائیں دینے کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ۔ویج ایوارڈ پرعمل درآمد اور صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے۔ پرنٹ میڈیا کی طرز پر الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کا سروس سٹرکچر بھی ویج ایوارڈ کی طرز پر تشکیل دیاجائے ۔