• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: آبادگاروں کو باردانے کی عدم فراہمی ،جے یو آئی کا مظاہرہ

سکھر(بیور و رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے گندم کی خریداری کے لئے سرکاری باردانے کی عدم فراہمی کے خلاف کندھرا لنک روڈ پر آبادگاروں کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر محکمہ خوراک کے افسران کے خلاف نعرے درج تھے اور مظاہرین محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی برطرفی کا مطالبہ کررہے تھے۔ مظاہرے کی قیادت جے یو آئی رہنما عبدالحق مہر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت سندھ اور صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ نے واضح طور پر یہ اعلان کیا تھا کہ سکھر سمیت سندھ بھر میں آبادگاروں کو گندم کے سرکاری باردانے کی فراہمی صاف وشفاف انداز میں مکمل کی جائے لیکن محکمہ خوراک کے افسران نے حکومت سندھ اور وزیر خوراک کے احکامات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے پسند نہ پسند کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور اپنے منظور نظر افراد کو سرکاری باردانہ دیا جارہا ہے لیکن چھوٹے آبادگار تمام تر کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے باوجوود محکمہ خوراک کے دفتر کے چکر لگ رہے ہیں اور انہیں باردانہ نہیں دیا جا رہا ۔ ایسا لگتا ہے کہ جس طرح سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امداد کا بڑا حصہ متعلقہ افسران نے غائب کردیا تھا اسی طرح محکمہ فوڈ کے افسران بھی باردانہ غائب کرچکے ہیں۔ مظاہرین نے صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب سکھر میں محکمہ خوراک کے افسران کی زیادتیوں کا فوری طور پر نوٹس لیں اور ڈی ایف سی سکھر سمیت دیگر متعلقہ افسران کو برطرف کیا جائے اور ضلع بھر میں باردانے کی منصفانہ ، شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر جے یو آئی آبادگاروں کے ساتھ مل کر احتجاج کا سلسلہ وسیع کرنے پر مجبور ہوگی۔
تازہ ترین