کوئٹہ(خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مختلف اضلاع میں غیر معیاری اور ملاوٹی اشیاء خوردونوش کے تدارک کیلئے جاری کارروائیوں کے دوران ہرنائی شہر میں متعدد کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کر دیئے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ شہر میں موجود کھانے پینے کے مختلف مراکز کا معائنہ کیا ،اس دوران دو بیکرز و بیکنگ یونٹس کو بیکنگ ایریا میں گندگی و حشرات کی موجودگی، زنگ آلود مشینری ، پروڈکشن میں ناقص کلرز کے استعمال،ملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا ۔ دو جنرل سٹورز کو ایکسپائرڈ پیکٹ مصالحہ جات، بچوں کے کھانے پینے کی اشیاء ، مشروبات ، ممنوعہ چائنیز نمک اور گٹکا پان پراگ کی فروخت جبکہ ایک ہولسیل ٹریڈر کو بڑی مقدار میں گٹکا پان پراگ برآمد ہونے اور مختلف زائد المیعاد خوردنی اشیاء کی فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔مزید برآں معائنے کے دوران فوڈ اتھارٹی حکام کی جانب سے اشیاء کے معیار کی بہتری اور صفائی کے مناسب انتظامات سے متعلق مراکز مالکان و ورکرز کو خصوصی ایس او پیز دی گئیں جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے ۔قبل ازیں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر سہیل انور ہاشمی سے بھی ملاقات کی ،بعدازاں دوران معائنہ برآمد ہونے والی ممنوعہ و زائدالمیعاد اشیاء کو ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں کی موجودگی میں تلف کردیا گیا۔