• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے دوران 9 ماہ میں حاصل ہونے والے ریونیو کا ریکارڈ بتادیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)   نے رواں مالی سال کے دوران 9 ماہ میں حاصل ہونے والے ریونیو کا ریکارڈ بتادیا۔

اعلامیے کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال کے 9 ماہ میں 3394 ارب روپے کا ریونیو حاصل کیا، حاصل ریونیو مقرر کردہ ہدف 3287 ارب روپے سے 100 ارب زائد ہے۔

ایف بی آر کے مطابق مارچ میں ریونیو مقررہ ہدف 367 ارب روپے کے مقابلے میں 475 ارب روپے رہا۔

اعلامیے کے مطابق  پچھلے سال مارچ کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو کے مقابلے میں 46 فیصد اضافہ ہوا۔

 ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال اب تک 177 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق  فروری 2021 تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 28 لاکھ ہو گئی،  ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے،  ٹیکس گوشواروں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس51 ارب روپے رہا،  جبکہ اس سال گوشواروں کے ساتھ ٹیکس ادائیگی میں 54 فیصد اضافہ ہوا۔

 ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس سال 2020 میں نئے ریٹرن فائلرز کی تعداد 1لاکھ 23 ہزار 680 رہی، اس سے 511 ملین روپے کا اضافی ٹیکس حاصل ہوا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا فروری سیلز ٹیکس ریٹرنز داخل کرنے والوں کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار 584 رہی، اس سال سیلز ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 7.04 فیصد اضافہ ہوا۔

اعلامیے کے مطابق سیلز ٹیکس گوشواروں کے ساتھ اس سال 624 ارب روپےسیلز ٹیکس حاصل ہوا، 10ہزار 283 سیل مشینیں پوائینٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک کی جا چکی ہیں، رواں مالی سال جولائی تا مارچ 45.98 ارب روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئیں۔

تازہ ترین