• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ آج سماعت، ڈسکہ، 10 پریذائیڈنگ افسر مشکوک جگہ پر تھے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)سپریم کورٹ میں آج قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75ڈسکہ میں دوبارہ ضمنی انتخاب منعقد کروانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔دوسری جانب سپریم کورٹ میں این اے 75ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کے کیس میں الیکشن کمیشن نے 20لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کی لوکیشن کا ریکارڈ جمع کرادیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ این اے 75ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں 10پریذائیڈنگ افسران مشکوک جگہ پر تھے، پریذائیڈنگ افسران نے ریٹرننگ افسر کے آفس پہنچنے کیلئے متبادل لمبا روٹ اختیار کیا۔ای سی پی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ 20 پریزائیڈنگ افسران کے لاپتہ ہونے پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی لوکیشن جیو فینسنگ ریکارڈ طلب کیا گیا، 20میں سے 10پریذائیڈنگ افسران کی لوکیشن ایک مشکوک جگہ پر ٹریس ہوئی، ای سی پی نے لاپتا پریذائیڈنگ افسران کی مشکوک لوکیشن کے نقشہ جات بھی عدالت میں جمع کروا دیئے،ای سی پی نے عدالت کو بتایا کہ پریذائیڈنگ افسران نے ریٹرننگ افسر کے آفس پہنچنے کیلئے متبادل لمبا روٹ اختیار کیا،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ معاملے کے فیصلے کیلئے دستاویز کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔ دریں اثناء عدالت عظمیٰ میں آج قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ ضمنی انتخاب منعقد کروانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میںجسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کریگا،اس ضمن میں مقدمہ کے تمام فریقین کو باقاعدہ نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین