اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے متروکہ وقف املاک کی تمام اراضی کا فرانزک آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا ۔ بدھ کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں متروکہ وقف املاک لیز پر دینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،سپریم کورٹ آف پاکستان نے متروکہ وقف املاک کی فروخت غیرقانونی قرار دے دی ہے، عدالت نے املاک کی تمام اراضی کا فرانزک آڈٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ آڈیٹر جنرل تین ماہ میں فرانزک آڈٹ کرکے رپورٹ پیش کریں۔چیئرمین بورڈ املاک کی ادارے کو واپسی یقینی بنائیں۔ سپریم کورٹ نے خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔دوران سماعت متروکہ وقف کی ہزاروں ایکڑ اراضی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف بھی ہوا۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں غیرقانونی کام زیادہ ہونے پر دفاتر کو آگ لگا دی جاتی تھی، 39ہزار املاک میں سے تمام کا ریکارڈ دستیاب نہیں۔