• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا میں شدت، مردان میڈیکل کمپلیکس میں انتظامات بڑھانے کا فیصلہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار)کورونا مریضوں میں مسلسل اضافے کےپیش نظر میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن مردان میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ نے ہسپتال میں انتظامات مزید بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ہسپتال کےلئے ہنگامی بنیادوں پر مزید آکسیجن ٹینک اور سلنڈرز خریدے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں مریضوں کوآکسیجن کی کمی کا سا منا نہ کرنا پڑے اور مریضوں کو بروقت اور مسلسل آکسیجن کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔ مردان میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان ضیا ءالاسلام کے مطابق ایم ایم سی میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے پچھلے چند روز سے کورونا کے مریضوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال میں آکسیجن کی فراہمی کو مزید موثر کرنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ہسپتال کےلئے ایک اور آکسیجن پلانٹ ،چار منی آکسیجن ٹینک (ایکسٹر ا لارج آکسیجن سلنڈرز) سمیت دوسو آکسیجن سلنڈرز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، ہسپتال میں پہلے سے بھی ایک آکسیجن پلانٹ ،دو منی، آکسیجن ٹینکس،250سے زائد آکسیجن سلنڈرز موجود ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ہسپتال کو مردان کے علاوہ ملاکنڈ، بونیر، چارسدہ، صوابی اور نوشہرہ سے بھی مریض علاج معالجے کی غرض سے آرہے ہیں کورونا کی تیسری لہر میں شدت کے آنے کے بعد مردان میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے مریضوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے تاہم ہسپتال انتظامیہ دن رات کام میں مصروف ہے اور مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج معالجہ کی سہولت کےلئے فوری اقدامات اٹھا رہی ہے۔
تازہ ترین