کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان واپڈا کی خاتون ہاکی کھلاڑی اور ان کے شوہرعامر سلمان غیر ملکی دورہ پرٹیم لے جارہے ہیں تو اس سے فیڈریشن کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی پی ایچ ایف نے انہیں اس حوالے سے کوئی اجازت دی ہے، پی ایچ ایف کی میڈیا ریلیز کے مطابق نیلمہ اور ان کےشوہر انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی نجی دورہ کے لئے ٹیم میں کھلاڑی کے انتخاب اور ٹیم کے غیرملکی دوروں پر جانے کیلئے فیڈریشن نے اجازت نہیںدی ہے۔آن لائن کے مطابق ایف آئی اے اور نیب نے معاملے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جنرل مینجر مسرت اللہ کے لیٹر پر ایک غیر ملکی ٹورنامنٹ کا انتظامات کئے گئے تھےسیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ سے بھی اس معاملے کے متعلق رابطہ کیا ہے۔ مسرت اللہ اور نوید عالم کی عامر سلمان سے مختلف اوقات میں ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں،وزارت بین الصوبائی رابطہ نے اس معاملے پر سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی انکوائری کا حکم دیا ہے جبکہ دوسری طرف یہ بھی کہا ہے کہ اس معاملے کو ایف آئی اے اور نیب کے حوالے کیا جائے گا۔