• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا،شبلی فراز


کراچی (ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ کافی سارے ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں، جہانگیر ترین نے آج کی پیشی کی خود اطلاع نہیں دی ورنہ زیادہ ارکان اسمبلی آتے، جہانگیر ترین اور عمران خان کی مفاہمت کے لئے کچھ لوگ اپنا کردار ادا کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دلوانے کیلئے بنیادی کردار جہانگیر ترین نے ادا کیا۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز،ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری بھی شریک تھیں۔شبلی فراز نے کہا کہ جہانگیر ترین کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے، امید ہے جہانگیر ترین اپنی مشکلات سے باہر نکل آئیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پنجاب میں اپ سیٹ ہوسکتا ہے، لگتا ہے حکومت وفاق اور پنجاب میں اس سال بجٹ پاس نہیں کرواسکے گی، خسرو بختیار، عبدالرزاق داؤد، مالم جبہ اور بی آر ٹی پر کوئی احتساب نہیں ہوگا۔شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تبدیلی سرکار نہیں تباہی سرکار ہے،ارکان اسمبلی نے عدالت جاکر حکومت کو بتادیا وہ جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے ہیں، پرویز خٹک اور اسد قیصر کا احتساب کب ہوگا،اس نااہل حکومت کوملک پر مسلط کرنے کا سہرا جہانگیر ترین کو بھی جاتا ہے، جہانگیر ترین کیخلاف کارروائی ہوئی تو وہ بھی حکومت کیخلاف باتیں کررہے ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ کافی سارے ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں، جہانگیر ترین نے آج کی پیشی کی خود اطلاع نہیں دی ورنہ زیادہ ارکان اسمبلی آتے، جو شخص بھی پارٹی سے وفادار ہے اسے جہانگیر ترین اور عمران خان کی مفاہمت میں کردار ادا کرنا چاہئے، جہانگیر ترین اور عمران خان کی مفاہمت تحریک انصاف کے مفاد میں ہے،جہانگیر ترین اور عمران خان کی مفاہمت کے لئے کچھ لوگ اپنا کردار ادا کررہے ہیں، جہانگیر ترین کے مقابل زیادہ مضبوط ہیں اس لئے کامیابی نہیں ہوپارہی۔ راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ آج جہانگیر ترین نے کہا کہ تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہا ہوں،جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کیلئے بڑی قربانیاں ہیں ان کے ساتھ انصاف ہوناچاہئے، جہانگیر ترین کا یکطرفہ ٹرائل کیا جارہا ہے یہ بہت زیادتی کی بات ہے، عمران خان سے اپیل کرتے ہیں پارٹی کے وفاداروں کو دیوارسے نہ لگایا جائے۔راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین کے کہنے پر ہم نے سینیٹ میں حفیظ شیخ کیلئے پوری کوشش کی، وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دلوانے کیلئے بنیادی کردار جہانگیر ترین نے ادا کیا، جہانگیر ترین کی کوششو ں سے وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کے 178ووٹ ملے۔پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ جہانگیر ترین سیاست میں بہت سرگرم رہے ہیں ،جہانگیر ترین کی پیشی پر ان کے دوست اور رشتہ دار بھی ساتھ گئے ہوں گے، ہم حکومت بچانے نہیں ملک بچانے آئے ہیں۔

تازہ ترین