• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کو جلد احساس ہو گا ترین کے ساتھ غلط ہوا، راجہ ریاض


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہاہے کہ جہانگیر ترین عمران خان کے ساتھ ہیں اپنے کیسوں کا دفاع عدالت میں کریں گےعمران خان کو بہت جلد احساس ہوجائے گا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ غلط ہوا ہے

 سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ جہانگیر ترین نے اپنے ساتھیوں کو ساتھ کھڑا کر کے اپنی طاقت کا اظہار کیا ہے،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے سب سے قریبی دوست سمجھے جانے والے اب کھل کر سامنے آگئے ہیں، جہانگیر ترین نے پیغام دیا ہے کہ ایک سال تک چپ رہا اب ظلم بڑھتا جارہا ہے،بدھ کو عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میں تو دوست تھا مجھے دشمنی کی طرف کیوں دھکیل رہے ہیں۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ رمضان میں چینی کی قیمت کے حوالے سے عوام کو بڑا ریلیف ملا ہے

حکومت نے گزشتہ ہفتے پنجاب بھر میں چینی کی ایکس مل قیمت 80روپے فی کلو مقرر کی، اس کے خلاف پنجاب کے شوگر ملرز نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کیں، بدھ کو لاہور ہائیکورٹ نے رمضان میں چینی 80روپے فی کلو پر فروخت کرنے کا حکم جار ی کردیا ہے

لاہور ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا کہ پنجاب کی شوگرملز سے ایک لاکھ 55ہزار ٹن چینی کی وصولی یقینی بنائی جائے، کین کمشنرز تمام شوگر ملز سے پیداوار کے تناسب سے چینی لیں۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں بھی ضمانت منظور ہوگئی ہے اور بالآخر تین سال بعد ان کی رہائی کا حکم سامنے آیا ہے،

اس سے قبل تین میں سے ایک مقدمہ میں احمد چیمہ پہلے یہ بری ہوچکے ہیں جبکہ دوسرے میں ضمانت پر ہیں، احد چیمہ کو فروری 2018ء میں نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا، ان پر بعد میں ایل ڈی اے سٹی کرپشن اور آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے دو الگ الگ مقدمات بھی بنائے گئے تھے

 احد چیمہ شہباز شریف کے دور میں تقریباً چار سال تک لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ 15سے 20دن پہلے تک عمران خان اور جہانگیر ترین کے تعلقات اچھے ہوگئے تھے، پچھلے پندرہ بیس دنوں میں کچھ لوگوں نے دوبارہ سازش کر کے خرابی پیدا کی، جہانگیر ترین شوگر مافیا کا حصہ نہیں ہیں پھر بھی ان کا نام اس لسٹ میں ڈال دیا جاتا ہے، جہانگیر ترین کہتے ہیں ان کے خلاف سازش ہورہی ہے، جہانگیر ترین اور عمران خان کے درمیان فاصلے دوبارہ بڑھ گئے ہیں، جہانگیر ترین کے خلاف تین ایف آئی آرز درج کرائی گئیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ 

راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کیلئے جہانگیر ترین نے بہت اہم کردار ادا کیا، وزیراعظم اور جہانگیر ترین کا اس کیلئے آپس میں رابطہ تھا، جہانگیر ترین اپنے گاؤں سے خصوصی طور پر اسلام آباد آئے اور ارکان اسمبلی کو عمران خان کا ووٹ دینے کیلئے قائل کیا، وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے کے بعد مخالف لابی حاوی ہوگئی اور وزیراعظم سے یہ کام کروالیا

 چینی اسٹاکسٹ کی جو لسٹ بنی اس میں جہانگیر ترین کے سوا شوگر ملز کا کوئی دوسرا مالک شامل نہیں ہے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین جیل بھی چلے جائیں مگر وہ تحریک انصاف نہیں چھوڑیں گے، جہانگیر ترین وفاق اور پنجاب میں کسی تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنیں گے، جہانگیر ترین عمران خان کے ساتھ ہیں اپنے کیسوں کا دفاع عدالت میں کریں گے

جہانگیر ترین سے کسی پارٹی نے رابطہ نہیں کیا ہے نہ وہ کسی پارٹی میں جانے کیلئے تیار ہیں، جہانگیر ترین کی کوشش ہے کہ میڈیا پر بھی نہ جائیں، بدھ کو عدالت کے باہر میڈیا موجود تھا تو انہیں بات کرنا پڑی۔راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین عمران خان کے ساتھ ہیں وہ صرف اپنے کیس کا دفاع کریں گے

جہانگیر ترین عدالت سے بری ہو کر عمران خان کے سامنے جانا چاہتے ہیں،عمران خان کو بہت جلد احساس ہوجائے گا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ غلط ہوا ہے، اگر یہی کارکردگی رہی تو الیکشن میں ہماری جماعت کے بہت برے حالات ہوں گے۔

تازہ ترین