• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر پی ایف یوجے اور حکومت میں مذاکرات شروع

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے 19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر حکومت سے بات چیت شروع ہو گئی ہے،اس ضمن میں مذاکرات کا پہلا دور بدھ کو سیکرٹری اطلاعات شاہرہ شاہد کی زیر صدارت ہواجس کی قیادت پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کر رہے تھے جبکہ افضل بٹ ، ناصر ملک اور مبارک زیب نے انکی معاونت کی، سیکرٹری جنرل نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بات چیت شروع کرنے پر سیکرٹری اطلاعات کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل صرف سٹیک ہولڈرز یعنی پی ایف یو جے ، پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن ، آل پاکستان نیوز پیپرس سوسائٹی اور حکومتی نمائندوں کے مابین اتفاق رائے کے ذریعے ہی حل کئے جاسکتے ہیں، ٹیلی ویژن چینلز کی بڑی تعداد اپنے ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہیں نہیں دے رہی تھی جبکہ دوسروں نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کردی ہے،سیکرٹری انفارمیشن نے اتفاق کیا اور میٹنگ کو آگاہ کیا کہ اگرچہ آجروں نے اشتہاری واجبات وصول کرنے کے فورا ًبعد ہی کارکنوں کے واجبات ختم کرنے کیلئے حکومت کو حلف نامے دے دیئے تھے لیکن وہ اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہے ، میڈیا ورکرز کے متعدد مطالبات ہیں جن کو وزارت خود ہی دیگر وزارتوں کی ہم آہنگی سے پورا کرسکتی ہے، انہوں نے پی ایف یو جے سے ایک ہفتے کے اندر فرنٹ لائن ورکرز کی فہرست فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مسئلہ وزارت صحت کے پاس اٹھایاجاسکے، اس بات پراتفاق کیا گیا کہ یہ بات چیت جاری رکھیں گےاور فیصلہ کیا گیا کہ اگلی میٹنگ میں چارٹر آف ڈیمانڈ میں اٹھائے گئے مطالبات کو ترجیح دی جائیگی اور قانون کے ذریعے مطلوبہ اجرت ایوارڈ کے نفاذ اور کم سے کم اجرت کے نفاذ جیسی چیزیں اور اسی طرح کے دیگر معاملات جو قانون کے نفاذ کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں، پہلے اٹھائے جائیں گے،یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بعد میں دوسرے سٹیک ہولڈرز کو بھی ان مذاکرات کیلئے مدعو کیا جائیگا۔

تازہ ترین