مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن میں دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کریں گے۔
مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز کا جاری کیئے گئے بیان میں کہنا ہے کہ جو عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارے گا، اسے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ افسران اور عملہ آئین اور قانون کے مطابق شفاف انتخاب کو یقینی بنائے، دھاندلی کرانے کا حکومتی حکم ملے تو افسران اور عملہ اسے ماننے سے انکار کر دے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ انتخابی ووٹ اور ڈبے کے ساتھ کھلواڑ عوام اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہو گا، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ کاؤنٹر فائلز کی کڑی نگرانی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللّٰہ 10 اپریل کو ایک بار پھر ڈسکہ کے عوام کی فتح کا سورج طلوع ہو گا، عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی اور بے روزگاری کے ظلم کو مسترد کر دیں گے۔
مسلم لیگ نون کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈسکہ کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بے دار، خبردار اور ووٹ کی عزت کے رکھوالے ہیں۔