• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی اور زرعی یونیورسٹی پشاور میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی اور زرعی یونیورسٹی پشاور کے درمیان باہمی تعاون کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان اور پرو وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب نے دستخط کئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر ٹیکنکل فوڈ سیفٹی اتھارٹی ڈاکٹر عبدالستار شاہ، ڈاکٹر یاسر درانی اور محمد ایوب نے بھی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت فوڈ سیفٹی اتھارٹی زرعی یونیورسٹی کے طلباء کو انٹرنشپ کے مواقع فراہم کریگی، جبکہ ساتھ میں طلباء کو فوڈ سیفٹی سے متعلق مختلف موضوعات پر تحقیق کرنے میں بھی سہولیات فراہم کی جائیگی۔ تقریب سے خطاب میں پرو وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر سید وہاب کا کہنا تھا کہ طلباء کو فوڈ سیفٹی اتھارٹی میں انٹرنشپ کے مواقع میسر آنے سے انہیں عملی طور پر کام سیکھنے کا موقع ملےگا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کے قیام سے اشیاء خوردنوش کے معیار میں بہتری سامنے آرہی ہے۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی شعبہ کی بہتری میں جامعات کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ جامعات کے ساتھ ملکر شہریوں کو معیاری خوراک فراہم کرنے پر کام کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ سیفٹی سے متعلق یونیورسٹی کے تحقیقی کام سے اتھارٹی کو مزید بہتر طریقے سے کام کرنے کا موقع ملے گا۔ شاہ رخ علی خان نے تقریب سے خطاب میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو جیو ٹیگنگ کے ذریعے مزید بہتر بنانے کی طرف جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک 26000 سے زائد خوراک سے وابستہ کاروباروں کو جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین