• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسکہ الیکشن، بجلی، چینی، گیس چوروں کیخلاف ریفرنڈم ہے، ن لیگ

ڈسکہ الیکشن، بجلی، چینی، گیس چوروں کیخلاف ریفرنڈم ہے، ن لیگ 


لاہور (نمائندہ جنگ، این این آئی) مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ ڈسکہ الیکشن بجلی، چینی اور گیس چوروں کیخلاف ریفرنڈم ہے، شہباز شریف نے کہا کہ دھونس،دھاندلی سے عوام کو نوازشریف سے دور نہیں کیاجاسکتا، مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو امید کہنا جمہوریت کے منہ پر زوردار تھپڑ ہے،عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شکست کے ذمہ دار آر اوز نہیں بڑے نالائق اور چھوٹے نالائق کی ناقص کارکردگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کی جنگ لڑنے والے کارکنان اور رہنمائوں کا جمہوری جدوجہد میں سنہری حروف سے نام لکھا جائیگا، نوازشریف اور شہبازشریف کو آپ سب پر فخر ہے، آپ نے ثابت کردیا کہ دھونس، دھاندلی، گولی، اغوا ،ووٹ چوری سے عوام کو نوازشریف اور مسلم لیگ (ن)سے دور نہیں کیاجاسکتا ۔شہبازشریف نے گزشتہ روز جیل میں ملاقات کرنے والے اہل خانہ کو نوشین افتخار اور کارکنان کیلئے پیغام دیا تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی محبت اور اعتماد ہی ہماری سب سے بڑی دولت اور کمائی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج پورے پاکستان سے وہی آواز آرہی ہے جس کا فیصلہ ڈسکہ کے عوام نے دیا ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)اقتدار میں آکر قوم کو ایک بار پھر مہنگائی، بے روزگاری کے مصائب سے نجات دلائے گی۔ علاوہ ازیں ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آپ روئیں، چیخیں یا پیٹیں، ڈسکہ میں ن لیگ جیت چکی رونے کا فائدہ نہیں ڈسکہ میں شیر نے میدان مار لیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا صفایاہونے والا ہے، ڈسکہ الیکشن میں فتح مسلط چور مافیا سے نجات کی نوید ہے۔

تازہ ترین