• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوہانسبرگ: جنوبی افریقا سے ٹی20 میں شکست پر زیادہ مایوس نہیں، بابر اعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی 20 شکست پر زیادہ مایوس نہیں ہیں۔

جوہانسبرگ میں کھیلے گئے میچ میں شکست کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ میچ ہارنے پر زیادہ مایوسی نہیں، ٹور میں اچھی کرکٹ کھیلتے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارا اچھا دن نہیں تھا، ابتدا کے 6 اوور میں وکٹیں گرگئیں جس کا نقصان ہوا، یہی ہماری شکست کی وجہ ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ وکٹ جلدی گرنے سے ہم میچ میں موومنٹم نہیں بناسکے، جنوبی افریقا کو جیت کا کریڈٹ جاتا ہے۔


اُن کا کہنا تھا کہ مثبت مائنڈ سیٹ سے میدان میں اترے، بس پلان کے مطابق نہیں کرسکے، کوئی بات نہیں اگلے میچ میں کم بیک کریں گے۔

بابر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جنوبی افریقی بولرز نے بھی آج اچھی بولنگ کی، جس کی وجہ سے ہم وہ ٹوٹل نہیں کرپائے جو سوچ رکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہم بولنگ میں بھی ابتدائی 6 اوورز میں وہ پریشر نہیں ڈال سکے جو ہدف کے دفاع کے ضروری تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے پاس پلیئرز کا پول ہے، اس لیے روٹیشن بھی کررہے ہیں، مڈل آرڈر اسٹرگل کررہا ہے، لیکن اس کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کچھ پلیئرز کے نمبر تبدیل کیے ہیں، ہمیں معلوم ہے انہیں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگے گا۔

بابراعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل مختلف کمبی نیشنز آزمائیں گے، اگلے میچ میں مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

تازہ ترین