• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر خان نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کی تاخیر کا سبب کورونا اور کرینہ کو قرار دیدیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ کا کہنا ہے کہ اس وقت پوری دنیا صرف ایک وبا سے لڑ رہی ہے جب کہ وہ اور ان کی ٹیم کورونا اور کرینہ دونوں سے لڑ رہے ہیں۔عامر خان ان دنوں کورونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے قرنطینہ میں ہیں، جب کہ اس سے قبل وہ اپنی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ 2020 کے آغاز میں ہی شروع ہوگئی تھی مگر پھر دنیا بھر میں کورونا پھیلنے کی وجہ سے ان کی شوٹنگ تاخیر میں ہوگئی۔بعد ازاں ان کی فلم کی ہیروئن کرینہ کپور حاملہ ہوگئیں، جس کی وجہ سے ان کی فلم کی شوٹنگ مزید چند ماہ کے لیے مؤخر کردی گئی تھی۔کرینہ کپور کے ہاں رواں برس فروری میں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی اور انہوں نے لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ میں چند ماہ تک شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔کورونا کی وبا اور پھر کرینہ کپور کے ہاں بچے کی پیدائش کی وجہ سے اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کی تاخیر پر عامر خان نے حال ہی میں ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کرینہ کپور کو فلم کی تاخیر کا ایک سبب قرار دیا۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق عامر خان کے فین یوٹیوب چینل پر حال ہی میں جاری کی گئی مختصر ویڈیو میں عامر خان نے ’لال سنگھ چڈھا‘ کی تاخیر کا سبب کورونا اور کرینہ کو قرار دیا۔عامر خان نے کہا کہ انہیں اُمید تھی کہ ان کی فلم 2020کے کرسمس پر جاری کی جائے گی مگر ایسا نہیں ہوسکا اور اب ان کا منصوبہ ہے کہ لال سنگھ چڈھا کو2021کے کرسمس تک ریلیز کردیا جائے۔

تازہ ترین