لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت ملکی مسائل کے حل کے لیے رتی بھر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ۔ حالات کو سدھارنے کی بجائے بگاڑنے کی کوششیں ہو رہی ہیں ۔وزیراعظم اور ان کی ٹیم میں یا تومعاملات کی نزاکت کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کی صلاحیت نہیں یا انہیں جان بوجھ کر مزید خراب کیا جارہاہے ۔ دونوں صورتیں ملک کے لیے خطرناک ہیں ۔ یوٹیلٹی سٹورز ، لنگر خانوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں ۔ لوگوں کو آٹا ، چینی ، دالیں سبسڈی ریٹس پر حاصل کرنے کے لیے سفارشیں ڈھونڈنا پڑتی ہیں ۔ ایسے حالات کبھی پہلے دیکھنے میں نہیں آئے ۔ کسان ، مزدور ، تنخواہ دار ، چھوٹے تاجر سب پریشان ہیں ۔ رمضان المبارک کے لیے حکومت کے عوامی ریلیف کے اعلانات دھوکہ اور فراڈ ہیں ۔ زمینی حقائق جوں کے توں ہیں ۔ لوگ مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں ۔ حکمرانوں کو اربوں روپے کے پیکیجز کا حساب دینا پڑے گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہاکہ ملک میں چند گنے چنے امیروں کی چاندی ہے جبکہ 90 فیصد سے زائدسفید پوش اور غریب طبقات انتہائی مشکل حالات میں گزر بسر کر ر ہے ہیں ۔