• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدر آباد میونسپل کارپوریشن انتظامی بے قاعدگیاں اور اقرباپروری عروج پر پہنچ گئی

حیدرآباد(بیورورپورٹ)حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں انتظامی بے قاعدگیاں اور اقرباپروری عروج پرپہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہورہا ہے، ادارے میں متعدد غیرقانونی تعیناتیاں اور نئے عہدے قائم کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے،میکینکل انجینئر کو سول ایکسین، جبکہ پی ایس ٹو ایڈمنسٹریٹرکو ڈائریکٹر لینڈ اور 5گریڈ کے ملازم کوپی ایس ٹو ایڈمنسٹریٹر لگادیا گیا ہے۔ ایچ ایم سی کے قوانین میں ڈائریکٹر پارکس کی پوسٹ منظور شدہ نہ ہونے کے باوجودانجینئر کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔میونسپل کمشنر ایچ ایم سی نے ایچ ایم سی میں ڈائریکٹ پروموشن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں او پی ایس اور نان کیڈر افسران و ملازمین کی رپورٹ بناکر ایڈمنسٹریٹر کو بھیج دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں ابھی تک متعدد افسران اور ملازمین او پی ایس پر تعینات ہیں، دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ایچ ایم سی کے فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے او پی ایس اور نان کیڈر افسران کو تنخواہیں جاری کی گئیں ہیں جو کہ عدلیہ کے احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب ایچ ایم سی میں او پی ایس اور نان کیڈر افسران کے معاملے کی جانچ کے لئے بنائی گئی انکوائری کمیٹی میں 4مرتبہ ردبدل ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے جس کے باعث تحقیقات سرد خانے کی نذر ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق لطیف آباد میں نان کیڈر ملازمیں کو غیرقانونی طور پر اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے لطیف آباد میں سندھ کاؤنسل یونیفائڈ گریڈ 17کے ملازم مکینکل انجنیئر نورمحمد خاصخیلی کو ایچ ایم سی میں ڈائریکٹر پارکس بنایا گیا ہے جبکہ یہ پوسٹ منظور شدہ  نہیں ہے، کلرک گل محمد گدی مکینکل انجینئر کے اختیارات استعمال کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق نورمحمد خاصخیلی کی پوسٹ سول انجینئر ذوالفقار حیدر کے حوالے کردی گئی ہے اور سول انجنیئرکی 17گریڈ والی پوسٹ پر 11گریڈ کے ملازم حبیب اللہ کو تعینات کیا گیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ او پی ایس پر تعینات مکینکل انجینئر مولانا شبیر قائم خانی کو 18گریڈ کا سول ایکسین مقرر کرکے سپریم کورٹ کے احکامات کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق آفاق احمد رضوی کو پی ایس ٹو ایڈمنسٹریٹر ہونا چاہئے مگر مذکورہ ملازم کو ڈائریکٹر لینڈ کے عہدے سے نواز گیا ہے، اسی طرح الطاف بیگ کو جوکہ 5گریڈ کا ملازم ہے اسے پی ایس ٹو ایڈمنسٹریٹر کی پوسٹ دی گئی ہے۔دوسری جانب میونسپل کمشنر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن زاہد حسین کھمٹیو نے جنگ کی جانب سے رابطہ کرنے پر کہا کہ ایچ ایم سی میں غیرقانونی طور پر کی گئی بھرتیوں اور تعیناتیوں کے حوالے سے رپورٹ بنا کر ایڈمنسٹریٹر کو ارسال کردی ہے  جس میں لکھا گیا ہے کہ افسران اور ملازمین کو غیرقانونی  پروموشن دئیے گئے ہیں، جبکہ او پی ایس اور نان کیڈر افسران و ملازمیں کی جانچ کے لئے بنائی گئی کمیٹی کی جانب سے کوئی پیش رفت نہ ہونے کے باعث ر پورٹ بناکر متعلقہ حکام کو بھیج دی ہے۔مکینکل انجینئر نورمحمد خاصخیلی کو ایچ ایم سی میں ڈائریکٹر پارکس بنانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ایسی کوئی پوسٹ منظور شدہ نہیں ہے مگر پارک کی دیکھ بھال کے لئے ایسا فیصلہ کیا گیا۔
تازہ ترین