کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے امریکی شہریت رکھنے سے متعلق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن کیخلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن، ڈپٹی اٹارنی جنرل کو دلائل کی تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 30 اپریل تک ملتوی کردی۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو امریکی شہریت رکھنے سے متعلق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معیز احمد، نمائندہ الیکشن کمیشن عبداللہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نمائندہ الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ بتائیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے کون پیش ہوگا؟ کیا الیکشن کمیشن کا وکیل آئیگا یا اٹارنی جنرل آفس دلائل دیگا؟ نمائندہ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا وکیل موجود نہیں۔