• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوشل میڈیا امن تباہ کررہا تھا، بھارت سے 2 لاکھ لوگ آن لائن تھے، جائزہ لے رہے ہیں، شیخ رشید

سوشل میڈیا امن تباہ کررہا تھا، شیخ رشید


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک لبیک سے معاملات طے پاگئے، سعد رضوی سمیت 210 ایف آئی آر قانونی طریقہ کار سے گزریں گی۔

ٹی ایل پی کے 733 کارکنوں میں سے669کو رہا کر دیا گیا، تحریک لبیک کالعدم قرا ر دیے جانے کے خلاف 30 دن میں اپیل کرسکتی ہے‘ فضل الرحمان سمجھے شاید دوبارہ ان کی کوئی لاٹری نکلنے لگی ہے‘ ٹی ایل پی کے اتوار کے روز کے احتجاج کے دوران سب سے بڑا ہتھیار سوشل میڈیا استعمال ہوا ‘سوشل میڈیا پاکستان کا امن تباہ کررہاتھا۔

ساری صورتحال میں بھارت سے 2لاکھ لاکھ لوگ آن لائن تھے‘ امریکا اور کوریاسے بھی مہم چلی ‘بھارت ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کا کیس خراب کرنا چاہتاہے ‘سوشل میڈیا پر ایسے لوگوں کو مردہ دکھایا گیا جنہوں نے بعدمیں اپنے زندہ ہونے کی تصدیق کی۔

سوشل میڈیا نے جو کیا اس کا جائزہ لیا جارہا ہے‘ ریاست نے کوئی دباؤقبول نہیں کیا اور اپنی رٹ برقرار کھی ‘جو شخص قانون کو ہاتھ میں لے گا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔وہ بدھ کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ 

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایسا قانون لا رہے ہیں کہ کسی کے فرقے کو چھیڑا نہ جائے اور اپنا چھوڑا نہ جائے، اس حوالے سے وزارت داخلہ ایک جامع پالیسی لیکر آرہی ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں آج سوشل میڈیا کے حوالے سے اجلاس ہوا، سوشل میڈیا پر پوری اسٹڈی جاری ہے جس پر بعد میں بات ہوگی، بھارت میں ایک ہی وقت میں 2، 2 لاکھ افراد سوشل میڈیا پر آن لائن تھے۔ فضل الرحمان سمجھے شاید دوبارہ ان کی کوئی لاٹری نکلنے لگی ہے‘انہوں نے کہا ڈیڈ باڈی اسلام آباد لانا تاکہ وہ بھی پہنچیں، آج کسی نے پی ڈی ایم کی بات نہیں کی۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے کے 30 دن میں جواب دینا ہے، اس پر کمیٹی بنے گی جو کیس کا فیصلہ کرے گی۔ٹی ایل پی کے اتوار کے روز کے احتجاج کے دوران سب سے بڑا ہتھیار سوشل میڈیا استعمال ہوا ، انڈیا، امریکہ، کوریا سے مہم چلی‘ اس کا مقصد پاکستان کے استحکام کو خراب کرنا تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ ابصار عالم پر فائرنگ کا افسوسناک ہے، آئی جی اسلام آباد کو اطلاع ملتے ہی ہدایات دیدیں تھیں۔ فیٹف کے 24 نکات پورے کر دیئے ہیں ،3 رہ گئے ہیں، بھارت سمیت ملک دشمن قوتیں پاکستان کو دوبار ہ ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں ڈالنا چاہتے ہیں جنھیں ہم ملکر ناکام بنائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ 210 مقدمات عدالتی کارروائی کے عمل سے گزریں گے، اس میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی کا مقدمہ بھی شامل ہے جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے علاوہ 78 (اے) لگائی گئی ہے ۔ 

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 700 پولیس والے زخمی ہوئے‘ٹی ایل پی نے بھی خوش اسلوبی سے اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اور جو قرار داد پیش کی گئی اس میں یہ شق شامل کی گئی ہے کہ بین الاقوامی تعلقات کے معاملات ریاست کو طے کرنا ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکام نے بتایا کہ وہاں پاکستانیوں کی آمد و رفت سب سے زیادہ ہے اس لیے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا، ہم نے اعتراض اٹھایا تھا کہ بھارت میں یومیہ کیسز کی تعداد لاکھوں میں ہے لیکن بھارت کو ریڈ لسٹ نہیں کیا گیا جس پر برطانوی ہائی کمشنر نے بتایا کہ بھارت کو بھی شامل کردیا گیا ہے لیکن وہاں سے آنے والے مسافروں کی تعداد بہت معمولی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی نے گرفتار افراد کی رہائی کی بات نہیں کی، یہ ہمارا سمجھوتہ تھا کہ ایم پی او اور فورتھ شیڈول کے لوگوں کو چھوڑا جائے گا تاہم سعد رضوی اس میں شامل نہیں ہیں۔

تازہ ترین