پشاور ( وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے مزید 56 افراد کو گرفتار کرلیا جن پر 2 لاکھ 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردیئے گئے جبکہ 5 افراد کو جیل منتقل کردیا راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے شگئی بازار‘ ریگی‘ ہشت نگری‘ پہاڑی پورہ اور گلبرگ کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کے معیار کو چیک کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 21 قصابوں‘ 8 دودھ فروشوں اور 14 نانبائیوں اور 13 دیگر مختلف گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا جن پر 2 لاکھ 45 ہزار روپے کے جرمانے عائد کر دیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے جبکہ گرانفروشی کے مرتکب افر اد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ سحری اور افطاری کے وقت کارروائیوں کا سلسلہ تیز کریں اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے جبکہ بار بار گرانفروشی کے مرتکب افراد کو جیل منتقل کیا جائے ۔