• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عائزہ احمد

  ہرگھر میں سحری اور افطاری کا خاص الخاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ اپنی تراکیب سے تو اب تک آپ بے شمار چیزیں بنا چکی ہوں گی۔ اب ذرا منہ کا ذائقہ بدلیں اور ہماری بتائیں ہوئی تراکیب سے سحری اور افطاری کا دستر خوان سجائیں ۔اس میں پھینی پراٹھا، انڈے آلو کے کباب ،دہی بڑے کے علاوہ لسی اور شکنجبین بھی ہے۔

پھینی پراٹھا

اجزا: آٹا دو کپ نمک حسبِ ذائقہ ،مکھن دو کھانے کے چمچے، انڈا ایک عدد، گھی حسب ِضرورت۔

ترکیب: آٹے میں نمک ،مکھن اور انڈا مکس کرکے گوندھ لیں۔ تھوڑی دیر بعد آٹے کے پیڑے بنا کر روٹی بیل لیں۔ اس پر گھی لگائیں اور چھری سے باریک باریک پٹیاں کاٹ کر تھوڑی خشکی چھڑک کر رول کرکے پیڑا بنا لیں۔ فرائی پین کو گرم کرکے اس پر پراٹھا ڈال دیں۔ جب ایک سائیڈ سے سینک جائے تو ہلکے ہاتھ سے پلٹ دیں۔ گھی ڈال کر فرائی کر لیں، مزیدار پھینی پراٹھا تیار ہے۔ قیمہ یا سبزی کے ساتھ سحری میں سرو کریں۔

چٹ پٹا آملیٹ

اجزا: انڈے پھینٹے ہوئے دو عدد، پیاز درمیانےسائز کی د وعدد، لہسن ایک جوا (موٹا کوٹا ہوا)،ہری مرچ دوعدد باریک کٹی ہوئی، ٹماٹر باریک کٹاہوا ایک عدد،

آلو اُبالا ہوا ایک عدد (چور ٹکڑے کرلیں )،ہرا دھنیا چند پتے ،پسا ہوا زیرہ ۔

ترکیب: دو کھانے کے چمچےتیل گرم کر یں اور اس میں پیاز،آدھی چائے کا چمچ زیرہ (پسا ہوا) لہسن، سبز مرچ اور دھنیا فرائی کر یں۔چمچے سے تھوڑا تھوڑا گرائنڈ کریں۔ ٹماٹر اور آلو زیادہ گرائنڈ نہ کر یں۔ تیز آنچ پر پھینٹے ہوئے انڈے شامل کر کے ڈھک دیں۔جب ہلکا ہلکا برائون ہونے لگے تو چولہا بند کردیں ۔سرو کرتے وقت کتری ہوئی سبز مرچ سے آرائش کریں۔

انڈے اور آلو کے کباب

اجزا: انڈے تین عدد(ابال کر لمبائی میں دو دو حصے کرلیں)۔آ لو چار عدد(اُبال کر میش کر لیں) ، بریڈ کرمز ایک پیالی ، تیل حسب ِضرورت ،سبز دھنیا (باریک کٹا ہوا)، دو عدد انڈوں کی سفیدیاں (اچھی طرح پھینٹ لیں )،نمک اور کالی مرچ حسب ِذائقہ ۔

ترکیب: میش کئے ہوئے آلوؤں میں نمک اور کالی مرچ ملائیں،پھر اس میںابلے ہوئے انڈوں پر آلو کا آمیزہ لگائیں۔ انڈوں کی سفیدیاں اس وقت تک پھینٹ جب تک کہ جھاگ اٹھ آئے۔ انڈوں کو سفیدی میں ڈبوئیں، پھر ان کے اوپر بریڈکرمز لگا کر گرم تیل میں تل کر سنہر اکر لیں۔ دھنیے سے سجا کر گرم گرم پیش کر یں۔ پراٹھے سے مزےسے کھائیں۔

ماش کی دال کے بڑے

اجزاء: ماش کی دال ڈیڑھ کپ،نمک حسبِ ذائقہ،تیل فرائی کے لیے،دہی ایک کلو،املی کی میٹھی چٹنی حسبِ ضرورت،ناریل پسا ہوا، ہرا دھنیا آدھی گڈی باریک کٹا ہوا، نمک ایک چائے کا چمچہ،لال مر چ ایک چائے کا چمچہ،چاٹ مصالحہ ایک کھانے کا چمچہ،بگھار کے لیےتیل دو کھانے کے چمچے،رائی ایک کھانے کا چمچہ،کڑی پتے چند عدد۔

ترکیب: ماش کی دال کو دو سے تین گھنٹے کے لیے بھگو دیں، پھر اس کا پانی نکال کر پیس لیں، دال بالکل باریک نہ ہو تھوڑی سی دانے دار رہنی چاہیے، اب اس میں نمک ملادیں، پھرکڑھائی میںتیل گرم کرکے بڑے بڑے پکوڑے بالکل ہلکے ہاتھ سے ڈال کر فرائی کرلیں۔

جب گولڈن ہوجائیں تو نکال کر کھلے برتن میں پانی میں ڈالتے جائیں، اس کے بعد دہی میں صرف چینی ڈال کر پھینٹ لیں۔ ایک ڈش لیں اورپکوڑوں کو دونوں ہاتھ سے ہلکا ہلکا دبا کر پانی نچوڑ لیں۔ اس کے بعد ڈش میں یہ پکوڑے رکھیں اوراوپر سے دہی ڈال دیں پھر اس پر املی کی چٹنی ناریل، نمک، لال مرچ، چاٹ مسالہ، بگھار اور ہرا دھنیا ڈال کر سرو کریں۔مزیدار ماش کے دہی بڑے تیار ہے ۔

آلو کے سموسے

اجزا: میدہ سوگرام، آلو ایک پاؤ(اُبال کر میش کرلیں)،گھی بیس گرام پسا ہواگرم مسالہ ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال اور کُٹی لال مرچ ایک ،ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،کھٹائی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،ثابت دھنیا ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،نمک حسب ِذائقہ،ہلدی ایک چوتھائی چائے کا چمچہ،پیاز ( کٹی ہوئی ) ددعدد، ہری مرچیں ( باریک کٹی ہوئیں) پانچ سے آٹھ عدد، ہرا دھنیا حسب ضرورت ،تیل فرائی کرنے کے لیے۔

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ ، گھی ، نمک، اور اجوائن ملا کر پانی سے گوندھ لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔پھرایک پین میں تیل گرم کریں اور اس میں پیاز 1 منٹ تک بھونیں پھر اس میں ہری مرچیں ، اُبلے اور میش کیے ہوئے آلو ، پسا ہوا گرم مسالہ ، کُٹی لال مرچ ، کھٹائی ، ثابت دھنیا، نمک ، ہلدی اور ہرا دھنیا ڈال کر یک جاکرلیں اور مسالہ بنا کر ایک طرف رکھ دیں ۔ آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور چپاتی کی طرح بیل لیں ۔ 

پھر اس کے دو حصے کر لیں ، ہر حصّے کی کون بنا کر اس میں تیار کردہ آمیزہ بھر دیں اور ایک طرف سے دبا کر دوسری طرف سے تہہ کریں اور سموسے بنا لیں ۔پھر پین میں تیل گرم کریں اور سموسوں کو گولڈن براؤن ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔ اس کے بعد سموسوں کو کچھ دیر کے لیے ٹشو پیپر پر نکال لیں، تاکہ اضافی تیل اس میں جذب ہو جائے۔ مزیدار سموسے تیار ہے املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

شکنجبین

اجزاء: لیموں دو سے تین عدد ،چینی دو سے تین بڑے چمچے،نمک چٹکی بھر، کالا نمک چٹکی بھر،کٹی ہوئی برف حسبِ ضرورت، پانی ایک جگ۔

ترکیب: سب سے پہلے پانی میں چینی گھول کر لیموں کا رس شامل کردیں پھر برف اور دو پودینے کے پتے ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔ یہ شدید گرمی میں پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے جگر اور معدے کی اصلاح کرتا ہےاور خصوصاً افطار کے وقت فرحت بخشتا ہے یہ عام میٹھے شربتوں کی طرح بھاری پن نہیں لاتا۔

لسی

اجزاء: دہی آدھا کلو،چینی چار بڑے چمچے، نمک آدھا چائے کا چمچہ،برف باریک کوٹ کر حسبِ ضرورت

ترکیب: دہی، چینی ، نمک اور تھوڑا سا پانی بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں، پھر جگ میں نکال کر ٹھنڈا پانی اور برف مکس کرلیں اور ٹھنڈی لسی کا لطف اٹھائیں۔

تازہ ترین