پشاور (ٹی وی رپورٹ) پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا کہ خیبر میں ایک سکھ دکاندار ہے جو رمضان میں عوام کو کم قیمت پر اشیاء فراہم کررہا ہے اور اس مہینے منافع نہیں کما رہا، وہ کلمہ گو نہیں لیکن اس کو اس رمضان کے مقدس مہینے کا احساس ہے دوسرے تاجروں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے، مہنگائی کی وجہ سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے سیکرٹری خوراک کو کہا کہ آپ برآمدات کو کم کردیں تاکہ ملکی ضروریات پوری ہوں۔پشاور ہائیکورٹ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ وفاقی سیکرٹری خوراک، صوبائی مشیر خوراک، ڈپٹی کمشنر، ایڈوکیٹ جنرل اور اے اے جی سید سکندر حیات شاہ پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری صاحب اشیاء خوردنوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں، مہنگائی کی وجہ سے عوام مشکلات میں ہیں، گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اس کے لئے کیا اقدامات کررہے ہیں۔ سیکرٹری خوراک نے جواب دیا کہ پولٹری اور گوشت کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ان سے کہا کہ پیداوار میں کمی ہوئی ہے تو آپ برآمدات کو کم کردیں تاکہ ملکی ضروریات پوری ہوں۔