پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید7 2افراد کو گرفتار کرلیا۔راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے لنڈی ارباب‘ امین کالونی‘ کوہاٹ روڈ بڈ بیر اور پشتخرہ کے مختلف علاقوں میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں سرکاری نرخنامے چیک کئے اور معیار کو چیک کیا سرکاری نرخنامے آویزاں نہ کرنے اور اس سے تجاوز کرنے پر 27 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی‘ قصائی‘ بیکری و جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں ہے جبکہ اس کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ بار بار گرانفروشی کے مرتکب افراد کو جیل بھیجا جائے اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔