• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، ایس او پیز کی  خلاف ورزی پر 60 دکانیں سیل، 78 دکانداروں سمیت 134 افراد گرفتار

پشاور(نامہ نگار) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ایس اوپیز کی خلا ف ورزی پر 60دکا نیں سیل اور 78دکانداروں سمیت 134افراد کو گرفتار کر لیا گیا ۔ ڈی سی پشاور نے انتبا ہ کرتے ہو ئے کہا کہ تا جر رمضان المبارک میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کرکے ذخیرہ اندوزی اورملاٹ سے اجتناب کریں انتظامیہ پشاور کورونا کے حوالے سے حکومتی ضابطہ اخلاق اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہی ہے اور اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے رات کے اوقات میں یونیورسٹی روڈ اور صدر کے بازاروں کا معائنہ کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر عبید ڈوگر نے پھندو روڈ پر بازاروں ،اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت اللہ خان نے جی ٹی روڈ پر دکانوں کا معائنہ کیا اور صبح صادق کے وقت انقلاب روڈ سبزی منڈی اور جی ٹی روڈ پھل منڈی میں بولی کے عمل کی نگرانی کرتے ہوئے سرکاری نرخ نامہ جاری کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے رامداس اور اندرون شہر بازاروں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر حبیب اللہ نے حیات آباد کی مارکیٹوں ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان نے فقیر آباد میں دکانوں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر انور اکبر خان نے چارسدہ روڈ پر بازاروں ،جبکہ دیگر انتظامی افسران نے اپنے علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا ،کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پھندو روڈ پر 4 مارکیٹوں میں 32 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر یونیورسٹی روڈ پر 16 اور صدر میں 12 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔کارروائیوں کے دوران سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور گرانفروشی پر 78 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر56 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجروں پرزور دیا کہ رمضان المبارک میں سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کریں، ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں اور ملاوٹ سے گریز کریں اور بازاروں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرتے ہوئے سیفٹی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین