• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ، بڈنگ پراسیس منسوخ کرنیکا نوٹیفکیشن

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے راولپنڈی رنگ روڈ کا بڈنگ پراسیس منسوخ کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیاجس کے ساتھ ہی منصوبہ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ادھر باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ جس رنگ روڈ الائنمنٹ کو متنازعہ بنایا جارہا ہےاس کی منظوری 19فروری 2021کو وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ کی زیر صدارت پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ بورڈ کی پراجیکٹ ریویو کمیٹی نے دی تھی جس میں مختلف محکموں کے 25کے قریب اعلی افسران شامل تھے۔واضح رہے کہ اسی الائنمنٹ کو ایشو بنا کر سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر راولپنڈی ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو ہٹایا گیااور منصوبہ کو فاسٹ ٹریک سے ہٹا کر دوبارہ سرد خانے کی نظر کردیا گیا ۔منصوبہ کے ٹرانزیکشنل ایڈوائزر(نیسپاک،کے پی ایم جی اور قاکسز لاء کے جوائنٹ وینچر )نے19فروری کی میٹنگ میں بریفنگ دی اور بتایا66اعشاریہ3کلو میٹر لمبے رنگ روڈ منصوبہ کو ریڈیو پاکستان سے شروع کرکےہکلہ انٹرچینج تک پیکج ون51اعشاریہ70کلومیٹر پر محیط ہوگا۔روڈ چھ لائن ہوگی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ریڈیو پاکستان تا ہکلہ انٹرچینج والا حصہ خاص طور پر پرائیویٹ سیکٹر کے سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ہوگااور پرائیویٹ سیکٹرہکلہ انٹرچینج تا ایم ون انٹرچینج کی چار لائن کو آٹھ لائن کرے گاجو اپنی سرمایہ کاری ٹول ٹیکس کے ذریعے حاصل کرے گاجبکہ سنگجانی انٹرچینج تک کا ریونیو این ایچ اے کے ساتھ شئیر کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ منصوبہ کے نو انٹرچینجز میں سے چار منصوبہ میں شامل کئے گئے ہیں جبکہ باقی کے پانچ انٹرچیجز منصوبہ کے ساتھ موجود ہائوسنگ سوسائیٹیوں سے بنوائے جائیں گے تاکہ منصوبہ کی لاگت میں کمی لائی جاسکے۔کمیٹی نے منصوبہ کی لاگت 40ارب61کروڑ83لاکھ87ہزار35روپے منظور کی تھیجو دوسال میں مکمل ہونا تھا۔میٹنگ کے منٹس 27فروری کو جاری ہوئے تھےلیکن بعد میں منصوبہ کو متنازعہ بنا دیا گیا،پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہٹا دیا گیا۔ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر نے استعفی دیدیا اور منصوبہ کی بڈنگ منسوخ کردی گئی ہے۔
تازہ ترین