• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی زمبابوے کیخلاف 1وکٹ کے نقصان پر بیٹنگ جاری

ہرارے میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل میں کھانے کے وقفے تک گرین شرٹس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 162 رنز بنا لیے ہیں۔

مہمان ٹیم نے آج جب دوسرے دن کے کھیل میں اپنی پہلے روز کی نامکمل اننگزکا آغاز کیا تو اس کا اسکور بغیر کسی نقصان کے 103 رنز تھا، عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان کو اسکورمیں 12 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 115 کے اسکور پر اپنی پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا، عابد علی 60 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے سابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی آئے تو انہوں نے عمران بٹ کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا اور کھانے کے وقفے تک 162 رنز تک ٹیم کا اسکور لے گئے جس کے بعد انہیں میزبان ٹیم کی سبقت ختم کرنے کیلئے مزید 14 رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے پہلے سیشن کے کھیل کی خاص بات عمران بٹ کی نصف سنچری تھی ، وہ 71 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ موجود اظہر علی نے 23 انز اسکور کیے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز ہوم ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستانی بولرز نے کمزور حریف زمبابوے کے بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

پاکستانی فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے زمبابوین بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔

دونوں اسٹار بولرز نے 4، 4 وکٹیں بھی حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ نعمان علی کے حصے میں آئی۔

زمبابوے کی جانب سے روئے کائیا 48، ڈونلڈ ٹریپانو 28 اور ملٹن شومبا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ سریز سے قبل قومی ٹیم نے زمبابوے کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔

تازہ ترین