• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

TLP کالعدم ہوچکی، تحلیل کا کوئی پروگرام ترک نہیں کیا، شیخ رشید


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کالعدم ہوچکی ہے، تحلیل کا کوئی پروگرام ترک نہیں کیا، حکومت اور عمران خان ان دونوں فیصلوں پر قائم ہیں، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سرینڈر نہ کیا جائے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر،وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ اور تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان بھی شریک تھے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ این اے 249میں جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، یہ کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو کے ویژن کی جیت ہے، پیپلز پارٹی دوبارہ گنتی اور فارم 45دوبارہ چیک کروانے کیلئے تیار ہے، مفتاح اسماعیل ہمارے مشترکہ امیدوار تھے اختلافات بعد میں ہوئے۔محمد زبیرنے کہا کہ این اے 249میں بدترین شکست عمران خان کیلئے واضح پیغام ہے، مریم نواز جب کہتی ہیں کہ ”شیر کو ہرانے کیلئے آپ نے جو ہتھکنڈے آزمائے“ تو وہ پیپلز پارٹی سے مخاطب ہیں،نتائج کے اعلان میں غیرضروری تاخیر ہواسی وقت نتائج تبدیل ہوتے ہیں۔خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی این اے 249میں کھیل میں ہی نہیں تھی، سمجھ نہیں آتا وہاں سے پیپلز پارٹی کا امیدوار کیسے جیت گیا،وزیراعظم نے کراچی میں تحریک انصاف کے ایم این ایز کو 9ارب 90کروڑ روپے دیئے ہیں جو شہر پر خرچ کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کالعدم ہوچکی ہے، تحلیل کا کوئی پروگرام ترک نہیں کیا، حکومت اور عمران خان ان دونوں فیصلوں پر قائم ہیں، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ آئین و قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور سرینڈر نہ کیا جائے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس پارٹی کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے اس پارٹی کے پاس جواب جمع کروانے کیلئے 30دن ہوتے ہیں، اس کے بعد حکومت کے پاس اپیل سننے کیلئے 30 دن ہوتے ہیں، عید کے بعد تیس دن کے اندر ہم ایک کمیٹی قائم کریں گے، یہ کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی حکومت اس کی پابند ہوگی، تحریک لبیک نے اپنے وکلاء کے ساتھ کمیٹی میں پیش ہونا چاہیں تو ممکن ہے وزارت داخلہ انہیں اجازت دیدے۔

تازہ ترین