• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ غریبوں کا کاروبار زبردستی اُٹھانے پر حکومت پر برس پڑیں۔

حال ہی میں رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک ٹرک کے اندر کچھ ریڑھیاں موجود ہیں جو کہ سڑک پر لگانے والے غریب کاروباری طبقے کی ہیں۔

رابی پیرزادہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آج یہ دیکھ کر دل رو رہا تھا، کتنے ظالم لوگ ہیں جو غریبوں کا کاروبار زبردستی اُٹھا کر لے جاتے ہیں۔‘

سابقہ گلوکارہ نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت کو ایسے کام زیب نہیں دیتے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ اربوں کے فراڈ تو پکڑتے نہیں ہیں اور بس غریب پر سب کا زور چلتا ہے۔‘

رابی پیرزادہ نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کیا یہ ملک صرف بڑے مالز اور دکانوں کا ہے، ریڑھیوں والے مر جائیں؟‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے سال 2019 میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گُزارنے کا فیصلہ کیا۔

رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔

تازہ ترین