• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابی پیرزادہ کا فواد چوہدری سے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

رابی پیرزادہ نے ٹک ٹاک کی وجہ سے نوجوان نسل کی اموات میں اضافے کو دیکھتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’میں کسی بھی شخصیت کے خلاف بات کرنے سے گریز کرتی ہوں کیونکہ غیبت ایک بہت بڑا گناہ ہے۔‘

رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’مگر ہر روز ٹک ٹاک کی وجہ سے نوجوان نسل کی موت کی خبریں سُن کر میرا دل روتا ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب ہماری حکومت بسنت، شیشہ اور کیفے وغیرہ پر پابندی لگا سکتی ہے تو ٹک ٹاک پر کیوں نہیں؟‘

سابقہ گلوکارہ نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’یہ مسئلہ الیکٹرک کارز سے زیادہ سنجیدہ ہے، براہِ کرم اس پر توجہ دیں۔‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے سال 2019 میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گُزارنے کا فیصلہ کیا۔

رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔

تازہ ترین