عالمی وبا کورونا کا شکار ہونے والی بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور ان کیلئے سوشل میڈیا پر خون کے عطیے کیلئے ایک پوسٹ زیر گردش ہے۔
پاکستانی ماڈل ونیزا احمد نے انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں بتایا کہ سنبل شاہد کیلئے بلڈ گروپ بی پازیٹیو کی اشد ضرورت ہے۔
پوسٹ میں بتایا گیا کہ سنبل شاہد سی ایم ایچ لاہور میں زیر علاج ہیں، ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔
ونیزا احمد نے لکھا کہ کورونا کا شکار سنبل آپا کے لیے B + خون عطیہ کریں کیونکہ اس وقت انہیں خون اور دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری اور عاصمہ عباس کی بہن اداکارہ سنبل شاہد کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد وینٹیلیٹر پر چلی گئی تھیں۔
گزشتہ دنوں بشریٰ انصاری کی بہن عاصمہ عباس نے بہن سنبل شاہد کی صحت کے حوالے سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سنبل شاہد اسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہیں، براہِ کرم اُن کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔