• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رض احمد کے دو قریبی رشتہ داروں کی کورونا سے ہلاکت

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد کے دو قریبی رشتہ دار دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ۔

غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں رضوان احمد عرف رض احمد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان کے دو افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں ۔

انٹرویو میں رض احمد نے افسوس ناک خبر اپنے مداحوں تک پہنچائی اور مستقبل کے لیے پرُامید نظر آئے، رض احمد کا کہنا تھا کہ  وہ بس اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ان کی رشتہ داروں کی اموات رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ اس سے انہیں ایک بہتر مستقبل کی اُمید ملی ہے۔

رض احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں سب کی حقیقت کھل کر سامنے آرہی ہے، لوگ چہروں پر سے نقاب اٹھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

37 سالہ اداکار کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث دنیا ایک ایسے مقام پر پہنچ چکی ہے جہاں سب کو مل کر بلا امتیاز ایک دوسرے کے لیے کچھ کرنا ہے تاکہ اس عالمی بحران کا بہتر حل نکالا جاسکے۔

اداکار کا بھارت میں مسلمانوں پر کورونا پھیلانے کے الزام کے حوالے سے کہنا تھا کہ ایسے وقت میں اقلیتوں کا بھی خاص خیال رکھا جانا چاہئے کیونکہ وہ ملک چلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اداکار نےصحت کی سہولتوں کے حوالے سے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بھی دنیا کے بیشتر ممالک میں معیشت پر دھیان دیا جارہا ہے جبکہ لوگوں کی زندگی اور صحت کے بارے میں پہلے سوچنا چاہئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جہاں کورونا وائرس کے باعث لوگ ایک دوسرے کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہیں کچھ ممالک میں حکومتیں عوام کو ایک دوسرے کے خلاف کررہی ہیں۔

تازہ ترین