• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بگ باس 14 کی فاتح روبینہ دلیک بھی کورونا میں مبتلا

بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح و اداکارہ روبینہ دلیک کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔

روبینہ دلیک نے کچھ دیر قبل ہی اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا۔


بگ باس 14 کی فاتح نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں ایک ماہ کے بعد اپنا پلازمہ عطیہ کرسکوں گی کیونکہ بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں اب اگلے 17 دن تک اپنے گھر میں ہی قرنطینہ میں رہوں گی۔‘

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’جن لوگوں نے مجھ سے حالیہ 5 سے 7 دنوں میں ملاقات کی ہے، وہ براہِ کرم! اپنا کورونا وائرس ٹیسٹ لازمی کروائیں۔‘

روبینہ دلیک کی پوسٹ پر اُن کے مداحوں کی بڑی تعداد اُن کے لیے جلد صحتیابی کے لیے دُعائیہ تبصرے کررہی ہے۔

اس سے قبل بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ عرشی خان اور نیکی تمبولی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔

واضح رہے کہ بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔

آخر میں یہ مقابلہ روبینہ دلیک اور راہول ویدیا کے درمیان چلا اور پھر بالی ووڈ اداکار اور اس شو کے میزبان سلمان خان نے روبینہ دلیک کو زیادہ ووٹس ملنے کی بنا پر بگ باس کے سیزن 14 کی فاتح قرار دیا۔

خیال رہے کہ روبینہ دلیک بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ بھی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے 2006ء میں مِس شملا کا خطاب جیتا تھا اور اس کے 2 سال بعد 2008ء میں اُنہوں نے مِس شمالی ہندوستان کا خطاب بھی اپنے نام کیا تھا۔

تازہ ترین