• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہرارے ٹیسٹ، پاکستان نے اننگز اور 116 رنز سے زمبابوے کو پچھاڑ دیا

پاکستان نے اننگز اور 116 رنز سے زمبابوے کو پچھاڑ دیا


ہرارے(جنگ نیوز)فاسٹ بولر حسن علی نے کیئریئرکی بہترین بولنگ کرتے ہوئے36رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میں باآسانی اننگز اور116رنز سے شکست دے دی۔حسن علی نے میچ میں89رنز دے کر 9کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور بیٹنگ میں30رنز بنائےانہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔حسن نے دوسرے اسپیل میں چار وکٹ حاصل کئے۔نعمان علی نے27رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔فہیم اشرف کو ایک وکٹ ملی۔پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ساجد خان کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔اس سے قبل فواد عالم نے140رنز بناکر پاکستان کو250رنز کی برتری حاصل کرنے میں مدد دی تھی۔ہفتے کو ٹیسٹ کا فیصلہ تیسرے دن چائے کے وقفے کے ایک گھنٹہ بعد ہوگیا۔دوسری اننگز میں میزبان ٹیم134رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔دو میچوں کی سیریز میں پاکستان نے ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔دوسرا ٹیسٹ اسی گراونڈ میںجمعے کو کھیلا جائے گا۔بابر اعظم کی قیادت میں ہوم گراونڈ میں پر جنوبی افریقا کو دو ٹیسٹ میں ہرانے کے بعد پاکستان نے مسلسل تیسرا ٹیسٹ جیتا ہے۔قبل ازیں زمبابوے کے پہلی اننگز اننگز کے اسکور176رنز کے جواب میں پاکستان نےپہلی اننگز میں426رنز بنائے تھے۔زمبابوے نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں کیون کسوزا آؤٹ قرار دیے گئے۔اسکور میں 20 رنز کے اضافے سے ملٹن شمبا صرف 4 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی وکٹ بن گئے۔کپتان برینڈن ٹیلر اور تریسل مساکانڈا نے اسکور کو 92 تک پہنچایا ہی تھا کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں مساکانڈا کی 43 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے روئے کائیا کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔ٹیلر اور ریگس چکابوا نے 22 رنز جوڑ ہی تھے کہ نعمان نے میزبان ٹیم کے کپتان کی 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس مرحلے پر حسن علی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے یکے بد دیگر 4 وکٹیں حاصل کر کے زمبابوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔حسن علی کی سوئنگ بولنگ کا زمبابوے کے بیٹسمینوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ان فٹ پرنس مسوورے بیٹنگ کے لیے نہ آ سکے اور اس طرح زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو کر اننگز اور 116 رنز کی شکست سے دوچار ہو گئی۔قبل ازیں ہرارے اسپورٹس کلب میں قومی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جنہوں نے 204 گیندوں پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تیسرے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز کیا تو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں 198 رنز کی برتری حاصل تھی۔پاکستان کو 395 کے مجموعے پر یکے بعد دیگرے دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور حسن علی جبکہ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی نویں وکٹ 412 کے مجموعی اسکور پر گری اور ساجد خان 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔زمبابوے کے بلیسنگ موزاربانی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دونلڈ ٹریپانو نے 3، رچرڈ ناراوا نے 2 جبکہ ٹینڈائی چسارو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تازہ ترین