• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا: افغان، ایران سرحد پر پابندیاں، 5 سے 20 مئی تک نقل و حرکت بند رہےگی، پنجاب میں صورتحال سنگین، کراچی میں SOPs کی خلاف ورزیاں

کورونا: افغان، ایران سرحد پر پابندیاں


کراچی،اسلام آباد، لاہور(جنگ نیوز، اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں، نمائندہ جنگ)کورونا کی نئی اقسام کی روک تھام کیلئے افغان ایران سرحد پر پابندیاں،5سے20مئی نقل و حرکت بند رہےگی۔

پالیسی زمینی رابطوں سے آنیوالوں کیلئے ہوگی، پابندیوں کا اطلاق کارگو اور تجارت پر نہیں ہوگا، بارڈر ٹرمنلز کھلے رہیں گے، افغانستان و ایران کے شہریوں کو طبی بنیادوں پرآنے جانے کی اجازت ہوگی۔

سعودی عرب سے آنیولے مسافروں کیلئے کورونا منفی ٹیسٹ لازمی قرار،گزشتہ روز ملک بھر میں 113نئی اموات، 4ہزار 411کیسز ،40سال سے بڑے افراد کی ویکسی نیشن شروع، پنجاب میں صورتحال سنگین، کراچی میںSOPs کی خلاف ورزیاں،سندھ میں 9مریض چل بسے۔

888نئے کیسز، مثبت شرح 5.4ریکارڈ،586مریضوں کی حالت تشویشناک، 52 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ تفصیلات کےمطابق کورونا کی نئی اقسام کی روک تھام کیلئے پاکستان نے ایران اور افغانستان کے ساتھ سرحد بند کرنےکا فیصلہ کرلیا۔

انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں وائرس کی نئی اقسام اور نئے تغیرات روکنے کیلئے افغانستان اور ایران کے ساتھ لینڈ بارڈر مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق جائزے کا مقصد زمینی راستے سے آمدورفت اور بارڈر پر کورونا پروٹوکول کویقینی بنانا ہے،اعلامیہ کے مطابق نظرثانی شدہ پالیسی پر 4 سے 5 مئی کی درمیانی شب سے عملدرآمد کیا جائے گا جو 19 سے 20 مئی کی درمیانی شب تک ہوگا، پابندی کا اطلاق زمینی راستے سے آنے والے لوگوں پر ہوگا۔ 

پابندی کا اطلاق کارگو، باہمی تجارت اور پاک افغان ٹریڈ پر نہیں ہوگا، بارڈر ٹرمینل ہفتے میں 7روز کھلے رہیں گے تاہم ہیلتھ کیئر ورکرز اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

پاکستان اور افغانستان میں موجود پاکستانیوں کو واپسی کی اجازت ہوگی جبکہ افغانستان اور ایران سے طبی بنیادوں پرآنے والوں کو بھی اجازت ہوگی، اسی طرح افغانستان اور ایران کے شہریوں کو بھی واپس جانے کی اجازت ہوگئی، این سی او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر پر رہیں، کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور اسپتالوں میں گنجائش ختم اور بستر بھر رہے ہیں۔

ادھر پنجاب میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ پنجاب میں ایک اور نئی قسم کا وائرس معلوم ہوا ہے، حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ وائرس مقامی تغیر پذیر ہوسکتا ہے اور ماہرین صحت اور محققین نے تحقیقات کا دائرہ بڑھادیا ہے۔

ایک عہدیدار نے بتایا پنجاب کو پہلی مرتبہ صوبے میں جنوبی افریقہ کے وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں،گوجرانوالا میں 100فیصد وینٹی لیٹرز کورونا مریضوں سے بھرگئے ہیں جس کے بعد مریضوں کو لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔بعد ازاں مختلف شہروں میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کریکٹ ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہا۔

صوبے کے مختلف شہروں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک پہنے بغیرگھومنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔فیصل آباد میں کورونا ماسک پہنے بغیر گھومنے والے 15 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 19دکانیں، ریسٹورنٹس سیل اور6 مسافر گاڑیاں بند کردی گئیں۔

گوجرانوالا میں 121 دکانیں سیل اور ماسک اورایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر193 مقدمات قائم کیے گئے جب کہ سواریاں بٹھانے میں فاصلہ نہ رکھنے پر 9 گاڑیوں کے چالان کردیے گئے۔ لودھراں میں ماسک نہ پہننے پر 40 افراد گرفتار کیے گئے جب کہ نارووال میں 90 دکانداروں پر مقدمات درج اور 77 کوگرفتار کرلیا گیا ۔

ملتان میں کورونا سے بچاو کے ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 39 کاروباری مراکز سیل کر دیے گئے ، 1شخص گرفتار ، 1 مقدمہ درج اور 9 مسافر بسوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ادھر کراچی میںبھی کورونا ایس او پیز کی کھلے عام خلاف ورزیاں جاری ہیں، گزشتہ روز اتواربازاروں میں بغیر ماسک عوام کارش دیکھنے کو ملا۔

سماجی فاصلے کی ہدایت پر بھی عمل ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، پبلک ٹرانسپورٹ بشمول بس،چنگی اور رکشہ میںبھی گنجائش سے زیادہ افراد سواری کرتےہوئے نظر آئے۔ادھر ملک میں کورونا سے مزید 113افراد انتقال کر گئے جبکہ 4414نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے۔ 

(covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 45075 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 4414 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 113 افراد انتقال کر گئے، ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.74 فیصد رہی۔

کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 18070ہو گئی اور مجموعی کیسز 8 لاکھ 29933 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 89661 ہے،اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5193 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 22202 ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں 40سے 49سال کے افراد کی ویکسی نیشن کا آغاز (آج)پیر3مئی سے ہو گا،اس عمر کے افراد 1166 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اندراج کروا سکتے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں موجود کورونا وبا کے خلاف دستیاب ویکسین پراعتماد طور پر لگوائیں۔

نمائندے کےمطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے،ملک بھرمیں 40 سال سے زائد عمرکے افراد کو ویکسین کیلئے رجسٹر کرانے کی اجازت دی گئی ہے ،پاکستانی حکام اب تک 52 لاکھ 80 ہزار کے قریب کورونا ویکسین کی خوراکیں حاصل کرپائے ہیں۔

ذمہ دار ذرائع کے مطابق پاکستان میں اب تک 40 لاکھ 33 ہزار 200 کے قریب افراد نے خود کو ویکسین کیلئے رجسٹر کروایا جن میں ساڑھے 24 لاکھ مرد اور 15 لاکھ 84 ہزارکے قریب خواتین شامل ہیں، ملک بھر میں صرف 25 خواجہ سرا کورونا ویکسین کیلئے رجسٹر ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ویکسین کیلئے رجسٹریشن کروانے والوں میں پنجاب 60 فیصد کے ساتھ سب سے آگے ہے اور پنجاب سے اب تک 23 لاکھ 84 ہزار 700 کے قریب افراد نے ویکسین کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔

ویکسین کے حصول کیلئے ایک فیصد سے بھی کم رجسٹریشن کے سبب بلوچستان اب تک سب سے پیچھے ہے، بلوچستان سے اب تک صرف 39 ہزار 800 کے قریب افراد نے رجسٹریشن کروائی، سندھ سے 7 لاکھ 70 ہزار 100 افراد اور خیبرپختونخوا سے تقریباً 4 لاکھ 92 ہزار 300 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ 

اسلام آباد میں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں جبکہ آزاد کشمیر سے ایک لاکھ 14 ہزار اور گلگت بلتستان سے 57 ہزار 600 سے زائد شہری رجسٹرد ہوئے ہیں۔ادھر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ہدایت نامے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب سے آنے والے مسافروں کیلئے نئے ایس او پیز جاری کردیے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق 5 مئی سے سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا ٹیسٹ لازمی قراردیا گیا ہے، کورونا ٹیسٹ 72 گھنٹے سے پرانا نہ ہو، کورونا مثبت آنے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کورونا منفی والے مسافر ہی پاکستان سفر کر سکیں گے،ترجمان کے مطابق 12 سال کے بچوں اور معذور افراد کو کورونا ٹیسٹ کی شرط سے مستثنیٰ قراردیاگیا ہے۔

کورونا مثبت آنے پر اپنے خرچہ پر قرنطینہ کرنا ہوگا، کورونا منفی رپورٹ پر پاکستان سفر کی اجازت دی جائے گی۔یہاں سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے مزید 9 مریضوں جاں بحق ہوگئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4667 ہوگئی ہے اور 16469 ٹیسٹ کرانے سے 888 نئے کیسز سامنے آئےجن میں سے 230 افراد کا تعلق کراچی سے ہے،مثبت تشخیصی شرح 5.4فیصد رہی،صوبے میںاس وقت 15682 مریض زیر علاج ہیں، 586 مریضوں کی حالت تشویشناک اور52 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

کرک میں کورونا پر قابو نہ پایا جا سکا، روزانہ کی بنیاد پر اموات کا سلسلہ جاری، حالات تشویشناک ہونے کے باوجود عوام ایس او پیز پر عمل کرنے کو تیار نہیں۔پشاور میں انتظامیہ نے کووڈ 19 سے متعلق ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر گزشتہ ایک میں ماسک نہ پہننے پر 29 ہزار 370 افراد پر جرمانہ عائد کردیا۔

تازہ ترین