• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1 سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے، اس کی کوشش ہے عوام اور افواج کے درمیان دراڑ پیدا کرے، ان کو کہنا چاہتے ہیں کہ اپنے کردار کو ٹھیک کریں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں نہیں، خیبر پختون خوا میں گورنر راج لگانا میرا یا میری پارٹی کا مطالبہ نہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیاسی پارٹی کو خیبر پختون خوا میں اپنا رویہ بہتر کرنا ہو گا، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں خلل ڈالا تو مسائل بنیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی تو پھر گورنر راج لگانا مجبوری بن جائے گا، پیپلز پارٹی کا مطالبہ ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کو دائرے میں رکھیں۔

ایک سوال پر بلاول نے کہا کہ مریم نواز اگر سندھ سے انتخاب لڑیں تو ویلکم کریں گے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مئی کی جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی، وہ ایک بار پھر پاکستان پر وار کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔

بلاول نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جیت پوری دنیا نے تسلیم کی، پاکستان نے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کھٹے کیے، معرکۂ حق میں پاکستان کو بھی بھرپور فتح ملی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع مضبوط ہے، مسلح افواج، پاک فضائیہ اور بحریہ میں اتنی طاقت ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کو بھرپور جواب دے سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید