• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ بار راولپنڈی‘ ڈسٹرکٹ بار اور تحصیل بارز کو چیکوں کی تقسیم

راولپنڈی‘ کلر سیداں‘ گوجر خان‘ کہوٹہ (اپنے رپورٹر سے‘ نمائندگان جنگ) پنجاب حکومت کی طرف سے ہائی کورٹ بار راولپنڈی، ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی سمیت دیگر تحصیل بارز کو امدادی چیک فراہم کر دیئے گئے۔ وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ نے شہدائے وکلاء ہسپتال کیلئے بھی فنڈر فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ قبل ازیں ہائیکورٹ بار کے صدر سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں وکلاء نمائندوں نے وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ سے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر قانون نے ہائیکورٹ بار کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے 40لاکھ، ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کیلئے 30لاکھ اور گوجر خان، مری، کہوٹہ اور کلرسیداں بار کیلئے دس دس لاکھ روپے کے چیک صدر ہائیکورٹ بار کے حوالے کئے۔ جہلم، چکوال اور اٹک کی ضلعی اور تحصیل بارز کیلئے اتنی ہی رقوم کے چیک جلد جاری کرنے کا اعلان کیا۔ ملاقات کرنیوالے وفد میں ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکرٹری شاہد بھٹی، ڈسرکٹ بار کے صدر رضوان اعوان، جنرل سیکرٹری عمران نیازی اور تحصیل بارز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز شامل تھے۔ وزیر قانون نے صدر ہائیکورٹ بار سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ کے مطالبے پر وکلاء ہسپتال کیلئے گرانٹ جلد جاری کرنے کا بھی وعدہ کیا اور کہا کہ عید کے بعد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بارز کی وزیراعلیٰ پنجاب سے میٹنگ کروائیں گے۔ محمد بشارت راجہ نےکہا ہے کہ وکلاء برادری نے ملک میں بحالی جمہوریت‘ عدل و انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے‘ وکلاء کے چیمبرز کیلئے جگہیں بھی مختص کی جائینگی۔ دیگر تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے صدور سمیت کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عرفان احمد ایڈووکیٹ نے چیک وصول کئے۔ صدر کلر سیداں بار چوہدری عرفان احمد نے وکلاء کیلئے چیمبرز کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ گوجر خان بار کے صدر راجہ شاہد عباس کیانی اور جنرل سیکرٹری راشد مین نے 10لاکھ کا چیک وصول کیا اور صوبائی وزیر کو جوڈیشل کمپلیکس گوجر خان بارے بریفنگ دی۔ کہوٹہ بار کے صدر راجہ تنویر ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری قمر زمان ایڈووکیٹ نے چیک وصول کرتے ہوئے وکلاء کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ وکلاء رہنمائوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر قانون محمد بشارت راجہ کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین