• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتب: عالیہ کاشف عظیمی

سنڈے میگزین کے پلیٹ فارم سے اِمسال ہم نے آپ کو عید الفطر اور مدرز ڈےکے موقعے پر پیغامات لکھ بھیجنے کا سندیسہ دیا،جواباً دِلی جذبات کی عکّاسی وترجمانی کرتے پیغامات کی وصولی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ چوں کہ ان پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں، اِس لیے انہیں مرحلہ وار شایع کررہے ہیں، تو لیجیے ،ملاحظہ کیجیے، اپنے پیاروں کے نام پیغامات کی پہلی اشاعت۔

(جان سے عزیز والدہ کے نام)

اللہ پاک ہماری پیاری امّی جان کو عُمرِخضر اور صحتِ کاملہ عطا فرمائے اور ہمیں ان کے ساتھ ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب کرے۔ (محمّد اسحاق اور دیگر اہلِ خانہ، اورنگی ٹاؤن، کراچی سے)

(والدہ اور اہلِ خانہ کےلیے)

آپ سب کو میٹھی عید کی میٹھی میٹھی خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ پاک ہم سب کی مائوں کو سدا سلامت رکھے۔ (روشان اور درشکا، شاہی بازار، حیدرآباد)

(جنگ، سنڈے میگزین کی مدیرہ، ادارتی ارکان اور قارئین کےنام)

میری جانب سےاَن گنت دُعائوں اور نیک تمنائوں کے ساتھ تہہ دِل سے عید مبارک۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عالم گیر وبا کورونا سے محفوظ رکھے اور رواں سال ڈھیروں خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے۔ (محمّد سلیم خان، لال کرتی، راول پنڈی کی دُعا)

(زندگی کی اَن مول نعمت، میری امّی جان کےلیے)

امّی جان! آپ ہی کے دَم سے میری زندگی آباد ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے(آمین)۔ (اپنی امّی کی تنہائیوں کی ساتھی، حمیرا گل، کوئٹہ کا پیار)

(متاعِ جاں امّی کے نام)

امّی جان! عید مبارک۔اللہ پاک آپ کواپنی حفظ و امان میں سدا سلامت رکھے۔ (شارق قریشی اور فراز قریشی، اورنگی ٹائون ،کراچی سے)

(میمن، گجراتی بھائیوں کےلیے)

میری جانب سے تمام میمن، گجراتی بھائیوں کو عیدالفطر مبارک۔ اللہ پاک ہم سب کی ماؤں کو سلامت، شاد و آباد رکھے اور ہم سب کو کورونا وائرس سے بچائے(آمین)۔ (محمّد شفیع، منیب اور اسماعیل موسانی، نارتھ کراچی، کراچی سے)

(تمام بچّوں کے نام)

خدارا! اپنے والدین کی زندگی میں اُن کی قدر کریں اور خدمت بھی کہ ان عظیم ہستیوں کاکوئی نعم البدل نہیں ۔ (منظور احمد تنولی، بستی گلشنِ مجید ،شکیاری، مانسہرہ)

(پختون بھائیوں کے لیے)

ہم سب کی جانب سے تمام پختون بھائیوں کو عیدالفطر مبارک۔دُعا ہے کہ یہ عید ہم سب کے لیے خوشیوں، مسّرتوں کا پیغام لے کر آئے۔ (علی، متین، احمد اور منیر خان، کراچی سے)

(والدہ (مرحومہ) کے نام)

پیاری امّی جان! 7مارچ 2021ء کو آپ ہم سے ہمیشہ کے لیے جدا ہوگئیں۔ آپ کے بغیر کسی بھی کام میں دِل نہیں لگتا۔ اللہ پاک آپ کی مغفرت فرمائے اور ہم سب بہن بھائیوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ یہ پہلا مدزر ڈے اور عید ہے، جس میں آپ ساتھ نہیں۔ مس یوامّی۔ (ملک رئیس، سعید اور نفیس احمد، اورنگی ٹائون، کراچی کی فریاد)

(ضیاء الحق قائم خانی کے نام)

میری جانب سے ایونٹ آرگنائزر ضیاء الحق قائم خانی کو دِل کی گہرائیوں سے عید مبارک۔ (عزیز مسعود احمد خان، جھڈّو، میرپور خاص سے)

(جانِ زندگی، امّی کے لیے)

ہیپی مدرز ڈے۔ (بنتِ سومر خانگل، کلّی ترخہ، کوئٹہ سے)

(کورونا وائرس کے سبب انتقال کرجانے والوں کے نام)

عید آتی ہے، دِل دُکھاتی ہے

یاد بچھڑے ہوئوں کی آتی ہے

جن سے ملنے کا آسرا ہی نہیں

عید ان کا خیال لاتی ہے (کلیم نقوی، بفرزون، کراچی سے)

(عزیز از جان ماموں، ایوب لودھی اور خالد لودھی کے لیے)

یااللہ! عید کے موقعے پر ہم سب بھانجے تجھ سے دُعا کرتے ہیں کہ ہمارے دونوں ماموں جو صاحبِ فراش ہیں، اُنہیں صحتِ کاملہ عطا فرما اور ان کا سایۂ عافیت تادیر ہمارے سَروں پر قائم رکھ۔ (سعد سلیم، محمّد خضر اور حافظ افتخار چوہدری، اڈیالہ روڈ، راول پنڈی کی دُعا)

(اہالیان اورنگی ٹائون، کراچی کے نام)

تمام اہالیان اورنگی ٹائون کو ہیپی مدرز ڈے اور عید مبارک۔ (قاسم اور دیگر بھائی، اورنگی ٹائون ،کراچی )

(دِل میں مقیم اپنوں کے لیے)

میرے دِل میں رہنے والوں کو دِل کی گہرائیوں سے دِلی عیدمبارک، دِل و جان سے قبول ہو۔ (اسامہ، فہد اور فیضان، اورنگی ٹائون، کراچی کی دِلی مبارک باد)

ای میل کے ذریعے موصول ہونے والے پیغامات

(امّی جان،اہلیہ اور بچّوں کے لیے)

امّی جان! سدا سلامت رہیں۔ مَیں آج اپنے بچّوں کے ساتھ جو ایک کام یاب زندگی بسر کر رہا ہوں، یہ آپ ہی کی دُعائوں کاثمر ہے۔ہیپی مدرز اور عید ڈے۔ میری طرف سے دیارِغیر میں مقیم میرے دِل کے ٹکڑوں، محمّد عمیر قریشی، محمّد یاسر قریشی، لاڈلی بیٹی سمعیہ قریشی سمیت نصف بہتر کو عید مبارک۔ (اسلم قریشی، ملیر، کراچی کا پیغام)

(اہلِ وطن کے نام)

میری دِلی دُعا ہے یہ عید تمام دُنیا کے باسیوں، خصوصاً مسلمانوں کے لیے خوشیوں اور امن کا گہوار بن جائے۔ (زرینہ نفسیہ قریشی،ہیرآباد لال مسجد، حیدرآباد سے)

(پیاری ماں جی کے لیے)

امّی جان! اس پوری دُنیا میں کوئی آپ کا نعم البدل نہیں۔ربِّ کریم سے دُعا ہے کہ آپ کا ہر پل خوشیوں بَھرا گزرے۔ (آمین)۔ سدا جیو امّی۔ (عمران خالد خان،گلستانِ جوہر، کراچی کا پیغام)

(پیاری امّی جان کے نام)

امّی جان! آپ مجھے سب سے زیادہ عزیز ہیں، خاص طور پر ابّو کے جانے کے بعد تو آپ کے بغیر ایک پَل گزارنا بھی مشکل ہے۔اللہ تعالیٰ آپ کوصحت و تن درستی کے ساتھ طویل عُمر عطا فرمائے۔ (حفصہ کی جانب سے)

(متاعِ جاں، ماں کے لیے)

اگر کسی نے خُوب صُورتی کی انتہا دیکھنی ہو، تو اپنی ماں کو مُسکراتا ہوا دیکھ لے۔ ہیپی مدرز اور عید ڈے۔ (محمّد شہروز اور روبینہ محمود کا پیغام)

(والدہ(مرحومہ)اور دیگر اہلِ خانہ کے نام)

یا اللہ!میری مرحومہ ماں سمیت تمام مرحومین کی مغفرت فرما۔ ساتھ ساتھ تمام اہلِ وطن کو عیدالفطر مبارک ہو۔اپنی ماں کی نذر ہے؎ 

لوری کہیں گونجے تو تِری یاد ستائے

اے ماں تِری ممتا کو کوئی کیسے بھلائے

بچےّ کے تڑپنے کی جو سُنتی ہے صدا تُو

صحرا میں لگا لیتی ہے زم زم کا پتا تُو

پاتے ہیں مہک پھول، تِری چھاؤں کے نیچے

جنّت چھپی رہتی ہے، تِرے پاؤں کے نیچے (لیاقت مظہر باقری،گلشنِ اقبال، کراچی)

(اپنے پیاروں کے نام)

میری جانب سےپیارے بھانجے، بھانجیوں وجیہہ، فریحہ، ابراہیم، خضر، منسا سبحان اور حریم کو عیدالفطر کی ڈھیروں ڈھیر مبارک باد قبول ہو۔دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو عید کی سچّی خوشیاں عطا فرمائے۔ (سونیا عباس علی، حیدرآباد کا پیغام)

( میری دنیا، میری امّی کے لیے)

امی جان! دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت، تن درستی کے ساتھ عُمرِ خضر عطا فرمائے۔ہم سب آپ سے بے پناہ محبّت کرتےہیں۔ ہمیں آپ کی دُعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔ (ڈاکٹر زنیرا فیض کی جانب سے)

(مسلمانوں کے نام)

یا اللہ! تمام مسلمانوں پر رحم کر۔ ہمیں پھر سے وہی عید کی رونقیں عطا فرما، جو اس وَبا کے پُھوٹنے سے قبل تھیں۔ ہمارے والدین کا سایہ ہمارے سَروں پر قائم رکھنا۔ (عباس علی عباس، لطیف آباد، حیدرآباد )

(اُمّتِ مسلّمہ کے لیے)

آپ سب کو دِل کی گہرائیوں سے عید مبارک ۔ (دِلدار گلزار، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی سے)

(دُنیا بَھر میں مقیم مسلمانوں کے نام)

تمام مسلمانوں کو عید کی ڈھیروں ڈھیر خوشیاں مبارک ہوں۔ (ڈاکٹر گُل رُخ سعید، رسال پور کینٹ کی مبارک باد)

(میری پیاری ماں کے لیے)

میری پیاری امّی جان! سدا خوش رہیں اور ہاں میٹھی عید پر میٹھا کھانے سے پرہیز برقرار رکھیے گا۔ (صائمہ ظفر قریشی کا پیار بَھرا پیغام)

(میری پیاری، راج دلاری مما، شازیہ کے نام)

اللہ پاک آپ کو اس عید پر ہزاروں خوشیاں دیکھنا نصیب فرمائے۔ (ماہم عمران،گلستانِ جوہر، کراچی کا پیار)

(اُمّتِ مسلّمہ کے لیے)

یومِ عید، ماہِ صیام کی تکمیل پر اللہ تعالیٰ سے انعامات پانے کا دِن ہے۔ اس سے بڑھ کر خوشی و مسرّت کا کوئی موقع ہو ہی نہیں سکتا ہے۔میری طرف سے تمام مسلمانوں کو عید مبارک۔ (حسن بیگ کی جانب سے)

(امّی حضور کے نام)

امّی جان ! آپ کو اپنا اور عید کا دِن مبارک ہو۔ سدا سلامت، شاد و آباد رہیں۔ (تطہیر، اسلام آباد سے)

(پیارے دوستوں کے لیے)

میری جانب سے غلام قادر سھتو، غلام رسول سھتو، اصغر سھتو، علی حیدر سہتو اور مدثر حسین سھتو کو عید مبارک۔ (سردار علی رضا سھتو کی جانب سے)

(مرزا مسعود(مرحوم) کی نذر)

بھائی! آپ کو مرحوم کہتے،لکھتے ہوئے کلیجہ منہ کو آتا ہے کہ آپ کے انتقال کے بعد یہ پہلی عید ہے، آپ بہت یاد آئیں گے۔

روشنی تو نظر نہ آئے کہیں

بس اندھیرا مجھے دکھائی دے (مرزا اشفاق بیگ، ننکانہ صاحب کی طرف سے)

(بچھڑجانے والوں کے نام)

جانے والو! لوٹ بھی آؤ

درد کا درماں کچھ کرجاؤ

ہاتھ ہیں خالی، دِل ہے بوجھل

آنکھیں پُرنم، جل تھل جل تھل

ڈیوڑھی سُونی، گھر ہے ویراں

کرسی خالی، ہر شئے حیراں

کاش! کوئی توایسا دِن ہو

جب کہ ہم سب دیکھ لیں تم کو

سال میں کوئی ایک ایسا دِن ہو

مل لیں تم کو گلے لگالیں

اپنے دِل کی پیاس بجھالیں

آنکھیں اپنی ٹھنڈی کرلیں

ایک جھلک بس دیکھ تمہاری

مَن کا بوجھل پَن ہی مٹا لیں (فرناز یاسمین، کراچی کی یاد)

تازہ ترین