مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کی ماڈلنگ سے آٹا چینی بجلی گیس دوائی کی قیمتوں میں کمی نہیں آئے گی اور عمران خان کے فوٹوگرافر کو ایوارڈ تو دیا جاسکتا ہے لیکن بیچارے عوام کو ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔
وزیراعظم عمران خان کے بازار کے دورے پر ردِعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا کل کیسے عمران صاحب نے پروٹوکول کے بغیر خالی بازاروں کا دورہ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماہِ رمضان میں عوام بدترین اور تاریخی مہنگائی سے دوچار ہیں اور ایسے میں عمران صاحب گانے لگا کر فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے گانے لگا کر فلم کی شوٹنگ کروا کے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کی، عوام کو پاگل سمجھ رکھا ہے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے کہا کہ عمران صاحب وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر پہلے سبزیاں، فروٹ اور تمام اشیاء مہنگی کرتے ہیں، پھر بازاروں میں فلمی انداز میں میڈیا اسٹنٹ کرکے عوام سے ڈرامے کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ گانے لگا کر بازاروں کے دورہ کی فلم نشر کرکے مہنگائی کم اور عوام کو ریلیف نہیں دیا جاسکتا، قوم کو امید تھی کہ آج آٹا، چینی، روٹی، انڈے، گوشت، سبزیاں، پھل سستے ہوگئے ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گانے لگاکر ویڈیوز ریلیز کرکے آپ نے عوام کے جذبات اور مہنگائی کی قیامت ٹوٹنے پر ان کا مذاق اڑایا۔
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ عمران صاحب آپ کی فلم کی شوٹنگ سے کیا گیس بجلی آٹے چینی کی قیمت کم ہوئی؟ عمران صاحب آپ کی فلم کی شوٹنگ سے کیا پھلوں کی قیمت میں کمی آئی؟
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آر ٹی ایس بٹھا کر اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے ووٹ لینے والے اسی طرح کی حرکتیں کرتے ہیں، حکومت کی ترجیح ہر روز نت نئے ڈرامے کرنا ہے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کم کرنا یا عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح نہیں، وزیراعظم اور وزراء بازاروں میں ڈرامے اور میڈیا اسٹنٹس کرنے کے بجائے مہنگائی کم کرائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام تاریخ کا مہنگا ترین رمضان گزار رہے ہیں لیکن کوئی ان کا پرسان حال نہیں، پاکستان بیوروآف شماریات جھوٹے اعدادوشمار دے رہا ہے، ادارہ شماریات نے اپنی ساکھ کھودی ہے اور حکومتی مفادات کی غلامی کررہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ عمران صاحب فلم کی شوٹنگ چھوڑیں، چھوٹے گوشت کی قیمت 1600 روپے کلو پر پہنچ گئی ہے جبکہ بڑا گوشت 1000 روپے فی کلو ہوچکا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران صاحب گانوں کی ویڈیوز ریلیز نہ کریں، گوشت کی قیمت میں11 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں بغیر سکیورٹی اور پروٹوکول کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کرکے وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیوں، ترقیاتی کاموں اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا تھا۔