اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) میں بطور جنرل منیجر ملازمت مکمل کرنے والے ندیم زبیری کو پنشن دینے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے محکمہ کی جانب سے دائر اپیل باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ سول ایوی ایشن انتہائی بد حال محکمہ ہے، جعلی ڈگریوں پر پائلٹ جہاز چلاتے رہے ہیں،جعلی ڈگری پر لوگ ائیر پورٹ سیکورٹی جیسے حساس شعبہ میں اہم ترین نشست پر نوکری پوری کر گئے،اسی لئے ائیر پورٹس پر سمگلنگ آسانی سے ہو رہی ہے،ائیر پورٹس کے سی سی ٹی وی کیمرے تک کام نہیں کرتے۔ پیر کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جعلی ڈگری پر سول ایوی ایشن اتھارٹی میں بطور جنرل منیجر ملازمت مکمل کرنے والے ندیم زبیری کو پنشن دینے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے دائر اپیل پر سماعت کی ۔دوران سماعت سول ایوی ایشن اتھارٹی کے وکیل خالد صدیقی نے موقف اپنایا کہ ندیم زبیری نے نہ صرف محکمہ میں ڈگری جعلی جمع کرائی بلکہ کراچی یونیورسٹی کا تصدیقی لیٹر بھی جعلی بنوایا، سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ حقائق کے منافی ہے۔