وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کل پہلی بار ایک دن میں ویکسین لگانے کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ کل 1 لاکھ 64ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
اسد عمر نے کہاکہ کل پہلا دن تھا کہ 40 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے
دوسری جانب این سی او سی کا کہنا ہے کہ 3 مئی کو 1 لاکھ 64 ہزار 168 ویکیسن کی خوراکیں لگائی گئی جس کے بعد ملک میں اب تک 27 لاکھ 66 ہزار 108 ویکیسن کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ملک 31 ویں نمبر سے 30 ویں پر آگیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 377 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 161 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 18 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 8 اعشاریہ 9 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار 310 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 37 ہزار 523 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 37 ہزار 587 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 19 لاکھ 65 ہزار 682 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔