• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات میں پروازوں کی منسوخی، متعدد پاکستانی عید پر نہیں آسکیں گے

کراچی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات سے پاکستان کیلئے کئی پروازیں منسوخ ہونے کے بعد وہاںمتعدد پاکستانی پھنس گئے ، کئی پاکستانیوں نے پروازیں منسوخ ہونے کے بعد عید الفطر کیلئے گھر جانے کا منصوبہ منسوخ کردیا ۔ پاکستانی حکام نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر پروازوں میں کمی کا اعلان کیا تھا ۔ عرب نیوز ویب سائٹ کے مطابق امارات کی سب سے بڑی فضائی کمپنیوں ایمریٹس اور اتحاد نے انہی ہدایات کی روشنی میں پاکستان کیلئے اپنی کئی پروازیں منسوخ کردیں ۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم وہ پاکستانی جنہوں نے عید الفطر اپنے پیاروں کیساتھ گزارنے کیلئے پاکستان آنے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی مذکورہ فیصلے سے شدید صدمے میں ہیں ۔ امارات میں مقیم ایک پاکستانی شہری تنویر نے بتایا کہ یہ ان کی زندگی کا بڑا صدمہ ہے ، انہوں نے بتایا کہ میں نے عید کی تمام شاپنگ کررکھی تھی اور چھٹیاں اپنے گھر والوں کیساتھ گزارنے کی تمام تر تیاریاں کررکھی تھیں اور بچے بھی بے صبری سے انتظار کررہے تھے تاہم ائیر لائن کی جانب سے پرواز کی منسوخی کے نوٹیفیکیشن نے انہیں شدید دھچکا پہنچایا ۔

تازہ ترین